حزب اللہ لبنان کی بڑی کارروائیاں، صیہونیوں کو بھاری نقصان
حزب اللہ لبنان نے شمالی مقبوضہ فلسطین میں صیہونی حکومت کی بستیوں، فوجیوں اور فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کے لیے کئی فضائی اور زمینی کارروائیاں انجام دی ہیں۔
سحرنیوز/عالم اسلام: حزب اللہ لبنان نے آج ایک بیان میں کہا ہے کہ عیترون قصبے میں صیہونی حکومت کی پیدل فوج کے ساتھ اس کی جھڑپ ہوگئی جس میں متعدد صیہونیوں کو ہلاک یا زخمی کر دیا۔ حزب اللہ لبنان نے الجلیل اور کریات شمونہ کے صنعتی علاقے کو بھی راکٹوں سے نشانہ بنایا۔ حزب اللہ لبنان نے ایک اور بیان میں کہا ہے کہ فلسطینی قوم اور مزاحمت کی حمایت کے ساتھ ہی لبنان اور اس کی قوم کے دفاع کے لیے مجاہدین نے شمالی مقبوضہ فلسطین کے علاقے عکا میں شراغا فوجی اڈے کو بڑی تعداد میں میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے۔
حزب اللہ نے صیہونی باشندوں کو شتولہ اور ایون مناحیم علاقوں سے نکل جانے کا انتباہ دیتے ہوئے ان علاقوں پر متعدد میزائلوں سے حملہ کیا ہے۔
حزب اللہ نے اسی طرح کئی میزائلوں سے زرعیت علاقے کو بھی نشانہ بنایا۔ ایک اور کارروائی میں لبنان کی اسلامی مزاحمت نے مسلح ڈرونز کے ذریعے آوییویم علاقے میں صہیونی فوج کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا ہے۔ اسی دوران صہیونی اخبار یدیوت احارونوت نے اعلان کیا ہے کہ نہاریا شہر پر حزب اللہ کے میزائل گرنے سے تین صیہونی زخمی ہوئے ہیں۔