حزب اللہ کے نوجوانوں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان شدید جھڑپیں
صیہونی دہشتگردوں کے ساتھ حزب اللہ کے نوجوانوں کی شدید جھڑپوں کے دوران متعدد صیہونی ہلاک و زخمی ہوگئے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: حزب اللہ لبنان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ غزہ اور لبنان کے مظلوم عوام کی حمایت کے تناظر میں اُس نے ہفتے کی صبح مقامی وقت کے مطابق ساڑھے گیارہ بجے مقبوضہ فلسطین کی حانیتا نامی بستی میں صیہونی دہشتگردوں کے ایک جھنڈ کو میزائل سے نشانہ بنایا ہے۔ ایک دوسرے بیان میں حزب اللہ نے بتایا ہے کہ اُس کے جوانوں نے البیاضہ نامی علاقے کی جانب پیش قدمی کی کوشش کرنے والے صیہونی دہشتگردوں کو زیر نظر لے کر گیارہ بج کے پچاس منٹ پر اُن سے ٹکر لی۔ اس موقع پر ہونے والی جھڑپ میں متعدد صیہونی ہلاک و زخمی ہو گئے۔
صیہونی ٹی وی چینل ٹویلو نے اپنی رپورٹ میں اعتراف کیا ہے کہ حزب اللہ نے اصبع الجلیل علاقے کے المطلہ محلے کی جانب کئی میزائل فائر کئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق حزب اللہ کے اس حملے میں کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔الجلیل علیا کے صفد شہر میں بھی حزب اللہ کے حملے کے بعد خطرے کے سائرن کی گونج سنائی دی ہے۔