دہشتگرد صیہونی حکومت کی غزہ پر بمباری جاری، شہداء کی تعداد 44200 سے تجاوز کرگئی
فلسطین کی وزارت صحت نے فلسطینی شہدا کی تعداد مزید بڑھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہدائے غزہ کی تعداد چوالیس ہزار دو سو انچاس ہو گئی ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: فلسطین کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت نے گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تین بار وحشیانہ جرائم کا ارتکاب کیا جن میں چودہ افراد شہید اور ایک سو آٹھ دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ اس طرح اب غزہ کے شہدا کی تعداد بڑھ کر چوالیس ہزار دو سو انچاس ہو گئی ہے جبکہ ایک لاکھ چار ہزار سات سو چھیالیس دیگر فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔
غزہ میں فلسطینی عام شہریوں کے خلاف وحشیانہ صیہونی جارحیت کا سلسلہ ایسی حالت میں جاری ہے کہ انٹر نیشنل کریمنل کورٹ نے صیہونی وزیر اعظم نیتن یاہو اور سابق وزیر جنگ گالانٹ کو جنگی اور انسانیت سوز جرائم کے ارتکاب کا مجرم قرار دیتے ہوئے ان دونوں دہشت گردوں کو گرفتار کئے جانے کے احکامات جاری کئے ہیں۔