غزہ پر دہشتگرد صیہونی حکومت کی بمباری جاری، گزشتہ اڑتالیس گھنٹوں میں 200 سے زائد فلسطینی شہید
غزہ کےخلاف ایسے عالم میں صیہونی دہشتگردی کا سلسلہ جاری ہے کہ فلسطینیوں کی جاری نسل کشی کو چار سو تیئیس روز مکمل ہو گئے اور بین الاقوامی فوجداری عدالت کے جاری کردہ تمام احکامانات اب تک صیہونی حکومت کو لگام دینے میں ناکام رہے ہیں۔
سحرنیوز/عالم اسلام: فلسطین کی وزارت صحت کی رپورت کے مطابق سات اکتوبر سے اب تک ایک لاکھ چالیس ہزار سے زائد سے نہتے فلسطینی عوام شہید یا زخمی ہو چکے ہیں۔ دس ہزار سے زائد مظلوم فلسطینی اب بھی لاپتہ یا تباہ شدہ مکانات اور عمارتوں کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق شمالی غزہ میں گزشتہ اڑتالیس گھنٹوں کے دوران ہونے والی بمباری کے حوالے سے کمال عدوان اسپتال کے دائریکٹر حسام ابو صفیہ کا کہنا ہے اس بمباری میں دوسو سے زائد فلسطینیوں کی شہادت ہوئی ہے اور بمباری اتنی شدید تھی کہ شہدا کے جنازے ملبے تلے دفن ہیں۔
صیہونی دہشتگردوں نے اسی طرح غزہ میں انڈونیشین اسپتال پر حملہ کر کے اس کے جنریٹروں میں بھی آگ لگا دی۔ اس درمیان فلسطین کے مغربی کنارے سے اطلاعات ہیں کہ مزاحمتی نوجوانوں نے غاصب صیہونیوں کے خلاف گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بارہ کاروائیاں انجام دی ہیں۔