عرب ممالک کو تقسیم کرنے کیلئے اسرائیل کے خفیہ منصوبے کا انکشاف
ولید جنبلاط نے کہا ہے کہ اسرائیل عرب ممالک کو تقسیم کرنا چاہتا ہے۔
سحرنیوز/ عالم اسلام: لبنان کی پروگریسو سوشلسٹ پارٹی کے سابق سربراہ ولید جنبلاط نے جنوبی شام کے حصے بخرے کرنے کیلئے صیہونی حکومت کے سازشی منصوبوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ جنہوں نے پاشا الاطرش کے دور میں شام کو متحد کیا وہ یقینی طور پر شام میں صیہونی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کی بات نہیں مانیں گے۔
لبنان کے دروزی رہنما ولید جنبلاط نے کہا کہ صیہونی حکومت شام میں خطرناک اور تباہ کن منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کر رہی ہے جس نے ملک میں عربوں کی قومی سلامتی کو نشانہ بنایا ہے۔
ولید جنبلاط کا کہنا ہے کہ صہیونی اپنے مفادات کی خاطر مختلف قبائل اور مذاہب کا استحصال کرنے کے درپے ہیں اور اسرائیل کے منصوبوں کے عملی ہونے کی صورت میں عرب ممالک تقسیم اور تباہی سے محفوظ نہیں رہیں گے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ اسرائیل لبنان پر قابض ہونے کی کوشش کر رہا ہے کہا کہ خطے اور فلسطین کی قومی سلامتی کو تباہ کرنے کے منصوبے پر کام ہو رہا ہے۔
اسرائیلی اخبار ہیوم نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل کی کابینہ کا ایک خفیہ اجلاس منعقد ہوا جس میں شام کو کئی حصوں میں تقسیم کرنے کے لیے ایک بین الاقوامی کانفرنس بلانے کی تجویز دی گئی ۔
ماہرین صیہونی حکومت کے اقدامات کو شام کے لیے سنگین خطرہ سمجھتے ہیں۔