Mar ۲۰, ۲۰۲۵ ۱۵:۵۸ Asia/Tehran
  • صیہونی فوج کے وحشیانہ حملے میں 71 فلسطینی شہید

غزہ پٹی کے خلاف صیہونی فوج کی تازہ جارحیت میں کم سے کم اکہتر فلسطینی شہری شہید ہو گئے ہیں۔

سحر نیوز/ عالم اسلام:  جمعرات کی صبح سے غزہ پٹی کے شمالی و جنوبی علاقوں پر صیہونی فوج کے فضائی حملوں میں کم سے کم 71 شہری شہید اور کئی زخمی ہوئے ہیں۔ صیہونی فوج نے غزہ پٹی میں جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے منگل کی صبح سے اس علاقے پر فوجی حملے دوبارہ شروع کر دیئے ہیں۔ غزہ پٹی میں فلسطینی انفارمیشن سینٹر نے بتایا ہے کہ غزہ پٹی میں صیہونی فوج کی تازہ جارحیت کی زد میں آنے والوں میں 71 فیصد خواتین، بچے اور معمر افراد ہیں۔

در ایں اثنا صیہونی فوج نے غزہ پر زمینی حملہ بھی شروع کر دیا ہے اور اس کا دعوی ہے کہ اس نے غزہ پٹی کے نتساریم علاقے پر قبضہ کر لیا ہے۔ صیہونی فوج نے بدھ کے روز دعوی کیا تھا کہ اس نے غزہ میں محدود پیمانے پر زمینی کارروائی شروع کر دی ہے اور اس کا مقصد دفاعی زون میں توسیع اور غزہ پٹی کے شمال اور جنوب کے درمیان ایک زون قائم کرنا ہے ۔ صیہونی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس نے غزہ پٹی کے نتساریم علاقے پر قبضہ کر لیا ہے ۔ اسی سلسلے میں صیہونی ٹی وی چینل "کان" نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ نتساریم میں نگراں غیر ملکی فوجیوں نے گزشتہ روز اس علاقے کو خالی کر دیا ہے ۔ صیہونی حکومت نے زور دیا ہے کہ گولانی بریگیڈ کے فوجیوں کو جنوبی غزہ پٹی میں تعینات کیا جائے گا لیکن وہ غزہ کے اندر کارروائی کے لئے تیار ہوں گے۔ اسی کے ساتھ صیہونی وزیر جنگ نے دعوی کیا ہے کہ جلد ہی غزہ پٹی کے کچھ علاقوں کو خالی کرانے کا عمل شروع ہو جائے گا۔ دوسری جانب غزہ پٹی پر غاصب صییہونی حکومت کے دوبارہ وحشیانہ حملوں کی عالمی سطح پر مذمت کی جارہی ہے جبکہ امریکا اور یورپ سمیت دنیا کے مختلف ملکوں میں صیہونی حکومت کے وحشیانہ اقدامات کو بند کرانے کے لئے مظاہرے کئے جا رہے ہیں۔

ٹیگس