امریکی طیارہ بردار بحری جہاز کے ساتھ یمنی مسلح افواج کی جھڑپ
یمنی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحییٰ سریع نے بتایا ہے کہ یمنی فوج کی بحیرہ احمر میں امریکی طیارہ بردار بحری جہاز کے ساتھ کئی گھنٹے تک جھڑپ ہوئی۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: بریگیڈیئر جنرل یحییٰ سریع نے ایک بیان میں کہا کہ یمنی مسلح افواج نے مسلسل چوتھے ہفتے بھی بحیرہ احمر میں امریکی جنگی جہازوں کو نشانہ بنا کر یمن کے خلاف امریکی جارحیت کا مقابلہ کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ چند گھنٹوں میں، یمنی بحریہ کے تعاون سے میزائل اور ڈرون یونٹوں نے شمالی بحیرہ احمر میں امریکی جنگی جہازوں، خاص طور پر ٹرومین طیارہ بردار بحری جہاز کو کروز میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا۔ سریع نے کہا کہ کئی گھنٹے تک جاری رہنے والے اس آپریشن نے یمن میں امریکہ کو جارحیت سے باز رکھا۔ انہوں نے بتایا کہ ایک اور کارروائی میں یمنی مسلح افواج نے طیارہ بردار بحری جہاز ٹرومین کے ساتھ موجود سپلائی اور سپورٹ فریگیٹ کو بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنایا ہے۔ سریع نے تاکید کی کہ یمنی قوم، قائدین اور فوج اس وقت تک دفاعی کارروائیوں کے ذریعے فلسطینی عوام کی حمایت میں اپنی مذہبی اور اخلاقی ذمہ داریاں پوری کرتے رہیں گے جب تک کہ غزہ پر جارحیت بند نہیں ہو جاتی اور اس علاقے کا ظالمانہ محاصرہ مکمل طور پر ختم نہیں ہو جاتا۔