Apr ۰۶, ۲۰۲۵ ۱۵:۴۸ Asia/Tehran
  • غزہ سے سامنے آنے والی تصویروں اور ویڈیوز نے پوری انسانیت کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا

غزہ پٹی پر صیہونی فوج کے فضائی اور زمینی حملوں کا نیا سلسلہ مسلسل بیسویں روز بھی جاری رہا جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد فلسطینی شہری شہید ہو گئے۔

العربی الجدید نیوز ویب سائٹ نے اتوار کے روز لکھا کہ غزہ پٹی کے خلاف جنگ جاری رہنے سے یہ بات بالکل واضح ہے کہ قابض صیہونی فوج علاقے میں اپنے زمینی حملوں کو بڑھانے کی کوشش کر رہی ہے، یہاں تک کہ کل جنوبی غزہ پٹی میں نام نہاد "موراگ ایکسس" پر زمینی حملہ شروع کرنے کا اعلان کیاگيا۔ فلسطینی اتھارٹی نے اس بارے میں خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اس حملے کا مقصد غزہ پٹی پر قبضہ اور اسے تقسیم کرنا ہے۔

ادھر صیہونی فوج کے توپ خانے نے جنوبی غزہ کے شہر رفح کے شمالی علاقوں پر گولہ باری کی۔

ذرائع نے جنوبی غزہ پٹی کے شہر رفح میں رہائشی عمارتوں کی مکمل تباہی کی بھی اطلاع دی ہے۔

آج اتوار کی صبح جنوبی غزہ پٹی کے شہر خانیونس کے علاقے المواصی پر بمباری میں شہید ہونے والوں کی تعداد 9 ہو گئی ہے۔ خانیونس شہر میں ایک خیمے اور مکان کو نشانہ بنانے کے دوران4 فلسطینی شہید اور 21 زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ زخمی ہونے والوں میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔

 

ٹیگس