صیہونی حکومت، لبنان کی نمبر ون دشمن ہے: روڈولف ہیکل
لبنانی فوج کے کمانڈر نے اپنے ملک کی سرزمین پر صیہونی حکومت کے پے درپے جارحانہ حملوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حکومت لبنان کی نمبر ون دشمن شمار ہوتی ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: لبنانی فوج کے کمانڈر روڈولف ہیکل نے ایک بیان میں کہا کہ لبنان کا پہلا دشمن اسرائیل ہے، جو لبنان کی خود مختاری اور اس کے شہریوں کی سلامتی کی مسلسل خلاف ورزی پر اصرار کرتا ہے- انہوں نے مزید کہا کہ لبنانی فوج، ملک کے تمام طبقے کےافراد کے ساتھ ملک کی حفاظت کرتی ہے، اور فوج کا ڈھانچہ لبنان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے فوجیوں پر مشتمل ہے جو وطن کے دفاع اور اس کی سلامتی کے لئے سرحدوں کے اندر اور سرحدوں پر تعینات ہیں-

اس سے پہلے لبنانی صدر جوزف عون نے بھی بیروت میں امریکی عہدیدار مورگان اورٹیگاس کے ساتھ ملاقات کے دوران کہا تھا کہ ہم نے سلامتی کونسل کی قرارداد سترہ سو ایک کے نفاذ اور اسرائیل کو اس پر عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ جوزف عون نے مزید کہا کہ اسرائیل جنگ بندی کی خلاف ورزی کر رہا ہے، اور لبنان کے خلاف اسرائیلی جارحیت اور خلاف ورزیوں کو روکنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ملاقات میں ہم نے اس نکتے کی ضرورت پر بھی تاکید کی کہ لبنانی فوج تمام ضروری تدابیر اختیار کرتے ہوئے صیہونی حکومت کے قبضے سے آزاد ہونے والے علاقوں میں اپنا کردار ادا کرے - اس سلسلے میں لبنانی فوج نے بھی کہا ہے کہ اورٹیگاس نے لبنانی فوج کے کمانڈر سے بھی ملاقات کی اور لبنان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔صیہونی حکومت کی جانب سے مسلسل جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی اور لبنان کے شہر بیروت سمیت لبنانی سرزمین پر حکومت کے بار بار زمینی اور فضائی حملوں کے سائے میں یہ ملاقاتیں انجام پا رہی ہیں اور مواقف بیان کئے جا رہے ہيں- لبنان میں حزب اللہ کے سکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے اپنی حالیہ تقریر میں اس بات کو واضح کردیا ہے کہ واحد راہ حل جنگ کا خاتمہ ہے لیکن اگر صیہونی حکومت جنگ جاری رکھنا چاہتی ہے تو ہم بھی اس کے لئے تیار ہیں- انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حکومت جب بھی چاہتی ہے لبنان کو نشانہ بناتی اور جارحیت کرتی ہے، ایسے میں ہم کسی کو بھی اسرائیل کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی طاقت سلب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے- اگر ہم نے اب تک صبر کیا ہے تو یہ صبر ایک موقع فراہم کرنے کے لیے ہے ، لیکن ہر چیز کی ایک حد ہوتی ہے۔