Apr ۱۴, ۲۰۲۵ ۱۷:۴۲ Asia/Tehran
  • غزہ میں صیہونیوں کی درندگی جاری، مزید درجنوں فلسطینی شہید

صیہونی فوج کی جانب سے غزہ کے مختلف علاقوں پر جاری شدید فضائی اور زمینی حملوں میں کم از کم مزید سینتیس فلسطینی شہید ہوگئے۔ دوسری جانب ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے غزہ میں صہیونی حکومت کی بربریت کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کے مختلف علاقوں پر جاری شدید فضائی اور زمینی حملوں میں کم از کم مزید 37 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔ فلسطینی ذرائع کے مطابق، آج مشرقی غزہ کے علاقے الشجاعیہ پر حملے میں کم از کم 3 نہتے شہری شہید ہوئے۔دوسری جانب، اسرائیلی فوج نے خان یونس کے رہائشیوں کو حکم دیا ہے کہ وہ علاقے المواصی کے جنوبی حصے کی طرف نقل مکانی کریں۔
فلسطین کی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صہیونی افواج کے وحشیانہ حملوں میں اب تک 37 شہریوں کی شہادت کی تصدیق ہوچکی ہے، جن میں سے 25 افراد وسطی اور جنوبی غزہ میں ہونے والے حملوں میں شہید ہوئے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے دبے کئی افراد کی لاشیں اب تک نکالی نہیں جاسکیں، جس کے باعث شہدا کی حقیقی تعداد ابتدائی اعداد و شمار سے کہیں زیادہ ہوسکتی ہے۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عالمی برادری کی خاموشی اور امریکہ کی پشت پناہی کے تحت صہیونی حکومت غزہ میں فلسطینی عوام کے خلاف منظم نسل کشی کی پالیسی پر مسلسل عمل پیرا ہے۔ دریں اثنا ایران کی وزارت خارجہ نے غزہ میں واقع المعمدانی ہسپتال پر صیہونی حکومت کے تازہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے جنگی جرم قرار دیا ہے اور اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی اداروں سے صہیونی حکومت کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

ٹیگس