غزہ پر صیہونی فوجیوں کی بمباری کا سلسلہ جاری ، تازہ حملوں میں تین فلسطینی شہید اور متعدد زخمی
صیہونی حکومت نے آج صبح مرکزی غزہ پٹی میں واقع النصیرات کیمپ کے مغربی علاقے میں ایک گھر پر بمباری کر کے تین فلسطینیوں کو شہید کر دیا ہے
سحر نیوز/ عالم اسلام: مرکزی غزہ پٹی میں واقع النصیرات کیمپ کے مغربی علاقے میں صیہونی فوج کی بمباری میں کم از کم تین فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ اس کے علاوہ صیہونی فوج کی جنگی کشتیوں نے بھی النصیرات کیمپ پر گولہ باری کی ہے۔ فلسطین کے القدس نیٹ ورک کے نامہ نگار نے اس حوالے سے رپورٹ میں کہا ہے کہ اسرائیلی فوج کے طیاروں نے مشرقی غزہ میں روضۃ البشیر کے علاقے اور شمال مشرق میں السورانی پہاڑی علاقے پر شدید بمباری کی ہے۔ صیہونی نیوز نیٹ ورک کے دعوے کے مطابق، قابض صیہونی حکومت کے بمبار طیاروں نے السورانی پہاڑی علاقے میں غزہ کی مزاحمتی کمان کے ٹھکانوں پر، کہ جہاں سے مزاحمتی کمان تمام مشرقی غزہ اور اس کے مغربی حصے کے بڑے علاقوں کو کنٹرول کرتی ہے، بڑے حملے کئے ہیں-اس دعوے کے مطابق مشرقی غزہ پر اسرائیلی جنگی طیاروں کی بمباری کے ساتھ ہی جارح صیہونی حکومت کے ٹینک بھی التفاح کے علاقے میں کوہ السورانی اور کوہ الریس کی جانب پیش قدمی کر رہے ہیں۔

صیہونی حکومت کے وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو اور وزیر جنگ اسرائیل کاٹز نے حالیہ دنوں میں خبردار کیا ہے کہ حماس کی جانب سے صیہونی قیدیوں کی رہائی سے انکار کے بعد اسرائیلی فوج غزہ پر اپنے حملے تیز کر دے گی۔ صیہونی حکام کے دعوے کے مطابق حماس جنگ بندی مذاکرات میں ہماری نئی تجویز کو مسترد کر کے معاہدے کے حصول کی کوششوں کو ناکام بنا رہی ہے اس لئے اسرائیل مذاکرات کی شرائط کو تبدیل کرنے کے مقصد سے فوجی دباؤ بڑھانے کے لیے غزہ پر اپنے حملے تیز کر رہا ہے۔یہ خبر اس وقت سامنے آئی ہے جب اسرائیلی چینل تیرہ نے خبر دی ہے کہ نیتن یاہو نے حال ہی میں غزہ میں فوجی آپریشن کو مزید وسعت دینے کے بارے میں بات چیت کی ہے اور اس پر عمل درآمد کا ارادہ رکھتا ہے لیکن فوج کے کمانڈروں نے اس کی مخالفت کی ہے اور اس بات پر زور دیا ہے کہ اسرائیل کے اس اقدام سے جنگ بندی کے مذاکراتی عمل کو نقصان پہنچے گا اور صیہونی قیدیوں کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہو گا۔