یمنی مسلح افواج نے دو حساس صہیونی اہداف اور دو امریکی طیارہ بردار جہازوں کو نشانہ بنایا ہے: یحیی سریع
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے دو حساس صہیونی اہداف اور دو امریکی طیارہ بردار جہازوں کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: یمنی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ یمنی مسلح افواج نے صیہونی حکومت کے خلاف دو فوجی آپریشن انجام دئیے ہیں، جن میں پہلی کارروائی میں عسقلان کے مقبوضہ علاقے میں ایک اہم صہیونی ہدف کو یافا ڈرون کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ یمنی مسلح افواج کے ترجمان نے بیان میں مزید کہا کہ دوسری کارروائی میں مقبوضہ فلسطین کے جنوب میں واقع علاقے ام الریش میں صہیونی فوجی اہداف کو صمد ایک نامی ڈرون سے نشانہ بنایا گیا۔یمنی مسلح افواج کے ترجمان نے تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کے خلاف پہلی کارروائی شمالی بحیرہ احمر میں میزائل اور ڈرون فورس کے ذریعے کی گئی، جس میں طیارہ بردار بحری جہاز ٹرومین اور اس سے منسلک آلات کو دو کروز میزائلوں اور دو ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔یحیی سریع نے مزید بتایا ہے کہ ڈرون اور میزائل فورس کی جانب سے کیے گئے دوسرے آپریشن میں بحیرہ عرب میں امریکی طیارہ بردار بحری جہاز ونسن اور اس سے منسلک آلات کو تین کروز میزائلوں اور چار ڈرونز سے نشانہ بنایا گیا۔