تحریک حماس کے فوجی بازو القسام بریگیڈ نے غزہ پٹی میں صیہونی فوج کے خلاف ایک فوجی آپریشن انجام دینے اور اس میں متعدد صیہونی فوجیوں کے ہلاک و زخمی ہونے کی خبر دی ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: القسام بریگیڈنے اتوار کو اپنے تازہ بیان میں کہا کہ القسام نے مشرقی خان یونس کے القرارہ علاقے کے ایک رہائشی مکان کو بم دھماکے سے اڑا دیا ہے جہاں صیہونی فوجی تعینات تھے اور مورچہ بنائے ہوئے تھے۔
القسام بریگيڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ اس کارروائی میں متعدد صیہونی فوجی ہلاک و زخمی ہوئے ہیں ۔
القسام بریگیڈ نے اعلان کیا ہے کہ اس کے جوانوں نے اسی علاقے میں ایک ٹنل کو بھی تباہ کردیا جس میں اسرائیلی فوجی تعینات تھے۔
اس دوران اسرائیلی فوجیوں اور مجاہدین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئيں۔ اس سے قبل القسام بریگیڈ نے مشرقی بیت لاہیا کے العطاطرہ علاقے میں بموں اور راکٹوں کے ذریعے ایک پیچیدہ فوجی کارروائی کی خبر دی تھی اور اعلان کیا تھا کہ انھوں نے متعدد صیہونی فوجیوں کو ہلاک و زخمی کردیا ہے۔