غزہ پر صیہونی جارحیت جاری، دسیوں نہتے فلسطینی خاک و خون میں غلطاں
صیہونی دہشتگردوں نے اپنے جنگی طیاروں اور بمبار ڈرونز کی مدد سے مزید دسیوں نہتے فلسطینیوں کو شہید و زخمی کر دیا۔
سحرنیوز/عالم اسلام: ایسے حالات میں کہ جب آنے والے دنوں میں جنگ بندی کے معاہدے کے حتمی شکل اختیار کرنے کی قیاس آرائیاں زور پکڑ رہی ہیں، صیہونی ٹولے کے جنگی طیارے اور ڈرونز غزہ کے مختلف علاقوں پر شدید گولہ باری میں مصروف ہیں۔ گزشتہ شب سے اب تک صیہونی دہشتگردی کے تازہ ترین واقعات میں مزید دسیوں فلسطینی شہید و زخمی ہو چکے ہیں۔ غزہ کے خلاف ناجائز صیہونی ٹولے کی دہشتگردی کو شروع ہوئے آج چھے سو بیالیس ہو چکے ہیں اور تمام عالمی ادارے اور عالمی برادری خونخور صیہونی کلنگ مشین کو روکنے میں ناکام رہی ہے۔ غزہ کے مختلف علاقوں میں گزشتہ شب سے صبح نمودار ہونے تک مزید کم از کم سولہ فلسطینی شہری شہید ہو گئے۔
فلسطینی ذرائع کے مطابق مغربی غزہ کے الشاطی پناہ گزیں کیمپ میں پانچ شہیدوں کو ملبے کے نیچے سے نکالا گیا جبکہ اسی کیمپ پر صیہونی دہشگردوں کی بمباری میں آٹھ کے شہید اور تیس کے زخمی ہونے کی خبریں ہیں۔ صیہونی دہشتگردوں نے اسی طرح غزہ شہر زیتون محلے اور شمالی غزہ کے جبالیا علاقے میں متعدد رہائشی عمارتوں کو زمیں بوس کر دیا۔ العربی نیوز چینل کا کہنا ہے کہ منگل کے روز صیہونی دہشتگردوں نے غزہ کے رہائشی علاقے پر نہایت شدید بمباری کی ہے جس میں تقریبا سو نہتے فلسطینی شہری شہید ہوئے ہیں، جن میں پورے پورے کئی کنبوں کے ملبے تلے دبے ہونے کی خبریں ہیں۔