یمنی فوج نے پھر صیہونی حکومت کے اہم ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، فلسطین میزائلوں کے دھماکے
یمنی مسلح افواج کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ ملک کی مسلح افواج نے جمعہ کے روز تین خصوصی آپریشنز کے ذریعے بین گورین ہوائی اڈے، یافا میں ایک فوجی مرکز اور عسقلان میں ایک بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: یمن کی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحیی سریع نے مزید کہا کہ یمنی مسلح افواج نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے اندر تک خصوصی فوجی کارروائیاں انجام دیں کہ جس سے فضائی ناکہ بندی اور صیہونی حکومت کی اندرونی صورتحال شدید خلفشار کا شکار ہوگئی-انہوں نے کہا کہ ہماری افواج نے "فلسطین ٹو" ہائپرسونک بیلسٹک میزائل سے تل ابیب میں واقع بین گورین ہوائی اڈے کو خصوصی فوجی آپریشن کے ذریعے نشانہ بنایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کارروائی سے صیہونی دشمن کی صفوں میں شدید انتشار پیدا ہوگيا اور لاکھوں غاصب صیہونی پناہ گاہوں کی طرف بھاگنے پر مجبور ہوئے اور بین الاقوامی گورین ہوائی اڈے پر پروازیں معطل ہوگئیں۔
یحیی سریع نے مزید کہا کہ یمن کی مسلح افواج کی فضائیہ نے دو مزید فوجی کارروائیاں کیں جن میں دو ڈرونز نے صہیونی دشمن کے دو اہداف کو نشانہ بنایا، جن میں سے ایک یافا میں فوجی مرکز اور دوسرا مقبوضہ فلسطین کے علاقے عسقلان کا اہم مرکز تھا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان آپریشنز نے اپنے اہداف کو کامیابی سے حاصل کیا۔