صمود امن فلوٹیلا کو نشانہ بنائے جانے کے خلاف وسیع مظاہرے, جہازوں پر موجود 473 امن کارکنوں کو دہشت گرد اسرائیل نے بھیجا جیل
الصمود ورلڈ فلوٹیلا میں شامل زیادہ تر جہازوں پر صیہونی حکومت کے غیرقانونی قبضے کے بعد، صیہونی حکومت نے ان جہازوں پر موجود 473 امن کارکنوں کو کتسیعوت جیل منتقل کردیا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق، غزہ کے عوام کے لیے امدادی سامان لے جانے والے ان امن کارکنوں کو رواں ہفتے فضائی راستے سے مقبوضہ فلسطین سے باہر نکال دیا جائے گا۔
ان امن کارکنوں نے انہیں تشدد کا نشانہ بنانے پر احتجاج کرتے ہوئے بھوک ہڑتال کا اعلان کردیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ اس وقت بھی کئی جہاز غزہ پٹی کی جانب آگے بڑھ رہے ہیں جن میں سے بعض غزہ سے 55 میل کے فاصلے پر پہنچ چکے ہیں۔
صمود فلوٹیلا میں شامل 9 دیگر جہاز بدستور غزہ کی جانب جا رہے ہیں جن کا فاصلہ 400 میل بتایا گیا ہے۔
الصمود فلوٹیلا کے کارکنوں اور منتظمین نے زور دیکر کہا ہے یہ قافلہ رکنے والا نہیں ہے اور غزہ والوں تک امدادی سامان پہنچانے کے لیے ہر ممکنہ کوشش کی جائے گی۔

قابل ذکر ہے کہ صیہونی حکومت نے صمود فلوٹیلا میں شامل جہازوں پر قبضہ کرنے سے قبل انہیں ڈرون حملوں، دھماکہ خیز مواد اور بحری مائن سے بھی نشانہ بنایا تھا، لیکن غاصب فوجی امن کارکنوں کو مرعوب کرنے میں ذرہ برابر کامیاب نہ ہوسکے۔
بتایا جا رہا ہے کہ یورپ کے بہت سے شہروں میں صیہونی حکومت کے وحشیانہ اقدامات بالخصوص صمود امن فلوٹیلا کو نشانہ بنائے جانے کے خلاف وسیع مظاہرے ہو رہے ہیں اور آئندہ دنوں کے لیے بھی عام ہڑتال اور احتجاجی جلوسوں کی پلاننگ کی گئی ہے۔