غزہ جنگ بندی ، صیہونی حکومت کی خلاف ورزیاں جاری
غاصب صیہونی حکومت نے غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی ایک اور خلاف ورزی کرتے ہوئے مصر سے جڑی رفح سرحدی گذرگاہ نہ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: صیہونی ریڈیو نے ایک حکومتی عہدیدار کے حوالے سے بتایا کہ تل ابیب اُس وقت تک جنگ بندی کے دوسرے مرحلے پر عمل درآمد شروع نہیں کرے گا جب تک تمام قیدیوں کی لاشیں واپس نہ مل جائیں۔
دوسری جانب مصری انٹیلی جنس ادارے نے انکشاف کیا ہے کہ صیہونی حکومت جنگ بندی کے پہلے مرحلے کے نفاذ میں رکاوٹیں ڈالنے اور غزہ کی جانب سے رفح گذرگاہ کے دوبارہ کھولنے میں تاخیر کے نئے نئے حربے استعمال کررہی ہے۔
ادھر ہیومن رائٹس واچ نے غزہ میں صیہونی فوج کے سنگین جرائم پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے جوابدہ بنانے کو لازمی قرار دیا ہے۔ تنظیم نے غیر قانونی محاصرے کے مکمل خاتمے اور غزہ کی تعمیر نو میں فوری سہولت دینے پر بھی زور دیا۔
دریں اثنا، حماس کی عسکری ونگ شہید عزالدین القسام بریگیڈ نے تصدیق کی ہے کہ تمام صہیونی قیدیوں کو زندہ یا ان کی میسر لاشوں کو معاہدے کے تحت حوالے کیا جا چکا ہے۔
القسام بریگیڈ کے مطابق باقی لاشوں کی تلاش کے لیے خصوصی آلات اور مزید وقت درکار ہے ۔