قاہرہ اجلاس میں غزہ پر اتفاق
قاہرہ میں منعقدہ فلسطینی تنظیموں کے اجلاس میں جنگ بندی کے تسلسل، غزہ میں امن و استحکام، اور اس کے انتظام کو ایک آزاد، مقامی کمیٹی کے حوالے کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
سحرنیوز/عالم اسلام: اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جنگ بندی پر مکمل عمل درآمد کیا جائے، اسرائیلی فوج غزہ سے نکل جائے، ناکہ بندی ختم ہو، رفح سمیت تمام راستے کھولے جائیں اور تعمیر نو کا آغاز کیا جائے۔
قاہرہ میں منعقدہ فلسطینی تنظیموں نے اعلامیے میں کہا ہے کہ ایک عبوری مقامی فلسطینی کمیٹی غزہ کے انتظامات سنبھالے، جو ماہرین پر مشتمل ہو اور عرب و عالمی تعاون سے شفاف طریقے سے کام کرے۔ اعلامیے میں مطالبہ کیا گيا ہے کہ اقوام متحدہ کی نگرانی میں عارضی فورس تعینات کی جائے تاکہ جنگ بندی کی نگرانی ہو سکے۔
بیان میں آیا ہے کہ فلسطینی قیدیوں پر تشدد اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ختم کی جائیں۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ یہ اجلاس فلسطینی وحدت اور قومی خودمختاری کے ایک نئے مرحلے کی بنیاد ہے، جو قوم کے حقِ آزادی اور عزت کے تحفظ میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔