آر ایس ایف کے ہتھیار ڈالنے سے پہلے کسی امن سمجھوتے کا امکان نہیں ہے: سوڈان کی عبوری حکومت کے سربراہ
سوڈان کی عبوری حکومت کے سربراہ عبدالفتاح البرہان نے کہا ہے کہ جب تک آر ایس ایف ہتھیار نہیں ڈالے گی اس وقت تک کسی امن سمجھوتے کا امکان نہیں ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق عبدالفتاح البرہان نے کہا کہ اگر باغی گروہوں نے اپنے ہتھیار نہیں ڈالے اور مذاکرات کی میز پر نہ آئے تو امن مذاکرات نہیں ہوں گے اور جو لوگ ان کی حمایت کرتے ہیں انھیں ہم سوڈان میں برداشت نہیں کریں گے۔
انھوں نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ سوڈان کی فوج شروع سے ہی باغیوں کو ختم کرنے کا عزم کئے ہوئے ہے کہا کہ باغیوں کے خاتمے کے بغیر یہ جنگ ختم نہیں ہوگی ۔
عبدالفتاح البرہان نے کہا کہ سوڈانیوں کو ان باغیوں سے بہت تکلیف پہنچی ہے، باغیوں نے انھیں قتل کیا ہے، ان پر تشدد کیا ہے اور ان کا مال و اسباب لُوٹا ہے۔
سوڈان کی عبوری حکومت کے سربراہ نے کہا کہ ریپڈ سپورٹ فورس، آر ایس ایف، نے وحشیانہ رویہ اپنایا اور ہم انھیں سزا دیں گے۔
انھوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ آر اس ایف کو سب کے تعاون سے ہی ختم کیا جا سکتا ہے کہا کہ وہ تمام لوگ جن کے پاس ہتھیار ہیں وہ اس جنگ میں شامل ہوں۔
انھوں نے کہا کہ یہ جنگ مذاکرات یا جنگ بندی سے نہیں بلکہ صرف باغیوں کو شکست دے کر ہی ختم ہو سکتی ہے۔