Nov ۲۲, ۲۰۲۵ ۱۷:۰۲ Asia/Tehran
  • غرب اردن میں بڑی سطح پر تشدد کے سلسلے میں انتباہ

اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفین دوجارک نے کہا ہے کہ ہمارے انسان دوستانہ امدادی کارکنوں نے غرب اردن میں بڑی سطح پر تشدد کے سلسلے میں انتباہ دیا ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفین دوجارک نے اس صورت حال کو سخت تشویشناک قرار دیا ہے جو جانی مالی نقصانات ، دربدری اور عام شہریوں کے لئے شدید بدامنی کے احساس کے باعث پیدا ہوئی ہے۔

دوجارک نے کہا کہ دوہزار پچیس میں شہید ہونے والے بچوں کی تعداد پچاس تک پہنچ گئی ہے۔

اقوام متحدہ کے ترجمان نے کہا کہ مجموعی طور پر اس سال صیہونی حکومت کے فوجیوں کے ہاتھوں اب تک دو سو سے زیادہ افراد شہید ہوچکے ہیں۔

صیہونی حکومت نے اکتوبر دوہزار تیئس کے بعد سے غرب اردن پر اپنے حملے تیز کردیئے ہیں۔ اس وقت کے بعد سے اب تک مقبوضہ علاقے میں صیہونی فوج اور غیر قانونی آباد کاروں کے حملوں میں ایک ہزار چھہتر سے زائد فلسطینی شہید اور دس ہزار سات سو زخمی ہو چکے ہیں جبکہ بیس ہزار پانچ سو سے زائد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ عالمی عدالت انصاف نے گزشتہ جولائی میں ایک تاریخی فیصلے میں فلسطینی زمینوں پر صیہونی حکومت کے قبضے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے مغربی کنارے اور مشرقی بیت المقدس میں تمام بستیوں کو خالی کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

درایں اثنا ڈاکٹرس وداؤٹ بارڈرس نے غزہ میں صیہونی حکومت کے فضائی حملوں کے نتیجے میں ہونے والے قتل عام کی مذمت کی اور تمام شہریوں اورحفظان صحت و طبی مراکز کے کارکنوں کو فوری تحفظ فراہم کئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔ 

غزہ پٹی میں فلسطینی حکومت کے میڈیا آفس کے مطابق گیارہ اکتوبر سے جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد شروع ہونے کے بعد سے انیس نومبر تک غزہ میں جنگ بندی سمجھوتے کی پامالی کے تین سو ترانوے واقعات درج ہوچکے ہیں۔

غزہ پر دو روز قبل شروع ہونے والے صیہونی حکومت کے حملوں کی حالیہ لہر میں کم سے کم اٹھائیس افراد شہید ہوچکے ہیں۔ ڈاکٹرس وداؤٹ بارڈرس نے یاد دہانی کرائی کہ اس کی ٹیموں نے بدھ کے دن سے ان خواتین اور بچوں کا علاج معالجہ شروع کردیا ہے جن کے ہاتھ پیر اور سر گولیاں لگنے سے ٹوٹے ہوئے یا زخمی ہیں۔

گزشتہ دو برسوں سے پورے غزہ میں ملسل جنگ اور قتل و غارتگری کے باعث دربدر اور پریشان حال فلسطینیوں کو سخت سردیوں اور ابتدائی ضروریات کی کمی کا سامنا ہے۔

ہمیں فالو کریں: 

Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok

ٹیگس