Jan ۰۱, ۲۰۲۶ ۱۸:۴۲ Asia/Tehran
  • فلسطین ، صیہونیوں کے ہاتھوں 7438 فسطینی طلبہ شہید

فلسطینی وزارت تعلیم نے ایک رپورٹ میں اعلان کیا ہے کہ دوہزار پچیس کے آغاز سے اب تک غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے پر جارح صیہونی فوج کے حملوں میں سات ہزار چار سو اڑتیس فلسطینی طلباء شہید اور دس ہزار پانچ سو ستاون زخمی ہو چکے ہیں۔

سحرنیوز/عالم اسلام فلسطین الیوم کی رپورٹ کے مطابق، یہ اعداد و شمار تعلیمی نظام کے خلاف صیہونی حکومت کی جارحیتوں اور فلسطینی اسکولوں اور یونیورسٹیوں کو ٹارگیٹیڈ طریقے سے نشانہ بنانے کی تباہ کن جہتوں کی نشاندہی کرتے ہيں۔

اس رپورٹ میں پیش کی گئی تفصیلات کے مطابق سب سے زیادہ صیہونی بربریت کی بھینٹ چڑھنے والے طلبا کا تعلق غزہ پٹی سے ہے جہاں شہداء کی مجموعی تعداد سات ہزار چار سو اڑتالیس سے زیادہ ہو گئی ہے جب کہ مغربی کنارے میں اڑتیس طلبہ شہید ہوئےہیں اور تین سو چوبیس کو فوجی دستوں نے گرفتار کیا ہے۔

ان حملوں میں طلباء کے علاوہ تدریسی عملے کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔ غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے میں اب تک چار سو پندرہ اساتذہ اور انتظامی عملے کے افراد شہید اور نوسو بارہ زخمی اور ان میں سے اڑتالیس سے زائد کو مغربی کنارے میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔رپورٹ کے ایک اور حصے میں کہا گیا ہے کہ اس سال قابض فوج نے بیرزیت، القدس، الخلیل اور فلسطین پولی ٹیکنیک یونیورسٹیوں سمیت اعلی تعلیمی مراکز کو نشانہ بنایا ہے۔اس کے علاوہ تحدی کے نام سے متعدد "مزاحمتی اسکول" بھی صیہونی فوجیوں کے حملوں اور بربریت سے محفوظ نہیں رہے اور انہیں نشانہ بنایا گیا ہے۔

واضح رہےکہ صیہونی حکومت نے سات اکتوبر دوہزارتیئیس کو غزہ کی پٹی کے خلاف جنگ کا آغاز، تحریک حماس کو ختم کرنے اور اس علاقے سے حماس کے ہاتھوں قیدی بنائے گئے صیہونیوں کی واپسی کے دو اہم اہداف کے ساتھ کیا، لیکن ان مقاصد کو حاصل کرنے میں جارح فوج ناکام رہی اور وہ تحریک حماس کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر مجبور ہوئی۔

 

ہمیں فالو کریں: 

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel

نو اکتوبر دوہزار پچیس کو حماس تحریک نے ایک بیان جاری کیا جس میں غزہ کی پٹی میں جنگ کے خاتمے اور قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کی کامیابی کا باضابطہ اعلان کیا۔اورپھر دس اکتوبر کی سہ پہر کو صیہونی فوج نے بھی غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے نفاذ کا باضابطہ اعلان کیا تاہم دس اکتوبر کو جنگ بندی کے نفاذ کے باوجود غزہ میں فلسطینیوں کے حالات زندگی میں کوئی بہتری نہیں آئی ہے کیونکہ صیہونی حکومت جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کرتے ہوئے غزہ میں انسانی امداد کے ٹرکوں کے داخلے پر پابندی لگا رہی ہے۔

 

ٹیگس