سعودی عرب نے یمنی قوم کے مطالبات تسلیم کر لئے : تحریک انصار اللہ
یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے سیاسی دفتر کے رکن محمد البخیتی نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے یمنی قوم کے مطالبات تسلیم کر لئے ہیں۔
یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے سیاسی دفتر کے رکن محمد البخیتی نے لبنان کے المنار ٹی وی کے ساتھ گفتگو کے دوران کہا کہ باب المندب میں سعودی عرب کے جارح فوجی اڈوں پر یمنی فوج کے حملوں کا، بحران یمن سے متعلق جنیوا میں ہونے والے مذاکرات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
محمد البخیتی نے مزید کہا کہ باب المندب میں سعودی عرب کے جارح فوجی اڈوں پر ایک توشکا میزائل داغے جانے سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ یمن والے اپنے ملک کی سرزمین کے خلاف ہر طرح کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے سلسلے میں پر عزم ہیں۔
محمد البخیتی نے سعودی اتحاد کی جانب سے ایک ہفتے کی جنگ بندی کا اعلان کئے جانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یمن کی فوج اور عوامی رضاکار اس جنگ بندی کے پابند ہیں لیکن اگر سعودی عرب کے فوجیوں نے اس کی خلاف ورزی کی تو یمنی فوج اس کا دنداں شکن جواب دے گی۔
یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے سیاسی دفتر کے رکن نے اللہ تعالی پر یمنی فوج کے توکل اور سعودی عرب کے فوجیوں کی جارحیت کے مقابلے میں ان کی شجاعت اور مضبوط ارادے کو یمن سے متعلق سعودی عرب کی سازشوں کی ناکامی کا اصل سبب قرار دیا اور کہا کہ یمن والوں نے اپنی تاریخ میں ثابت کر دیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین کے خلاف ہر طرح کی جارحیت کے مقابلے کے لئے ہمیشہ مضبوط ارادے کے مالک رہے ہیں۔