Jul ۰۶, ۲۰۲۵ ۱۵:۱۸ Asia/Tehran
  • ایران، پاکستان اور ہندوستان سمیت دنیا بھر میں عاشورائے حسینی

امام حریت، سرچشمہ سعادت و ہدایت نواسہ رسول سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام کے یوم شہادت کی مناسبت پر آج ساری دنیا سوگوار ہے۔ ایران و عراق اور ہندوستان و پاکستان سمیت دنیا بھر میں شہید راہ خدا قتیل کربلا کا فرش ماتم بچھا ہوا ہے۔

سحرنیوز/ایران: آج سرزمین عراق پر کربلائے معلیٰ کی فضاؤں میں بس ایک ہی آواز گونج رہی ہے، حسین یا حسین، آج کربلا حسینی عشق و عقیدت کی معراج بن چکی ہے، لاکھوں بے قرار مگر وفادار دل اس وقت دو علوی نگینوں حسین و عباس کے روضوں کا طواف کر رہے ہیں۔ اشک ہے، آہ و نالہ ہے، نوحہ ہے، سینہ زنی ہے۔ ہاتھ، سوز جگر کے مداوا کی خاطر کبھی یا حسین کہتے ہوئے سینے پر پڑتا ہے تو کبھی اعلان وفاداری کے مقصد سے لبیک یا حسین کے نعرے کے ساتھ آسمان کی جانب بلند ہوتا ہے۔ دنیا کے تمام عزاداروں اور سوگواروں کا قبلہ بنی کربلائے معلیٰ آج حق و حقیقت، سعادت، عزت اور جذبہ شہادت کے بحر بے کراں سے دنیا والوں کو سیراب کر رہی ہے۔
اس سید الشہدا امام حسین اور علمدار کربلا ابوالفضل العباس علیہماالسلام کے روضہ ہائے مبارک، بین الحرمین اور اطراف کی سڑکیں ماتمی دستوں، زائروں اور عزاداروں سے لبریز ہیں۔ اس کے علاوہ دنیا بھر سے بہت بڑی تعداد میں زائرین، کربلائے معلی پہنچے ہیں جن میں ہندوستان اور پاکستان کے ہزاروں زائرین بھی شامل ہیں۔ ایران میں اس سال کا عاشور گزشتہ برسوں کی بنسبت کچھ الگ ہی نظر آ رہا ہے۔ محرم سے قبل صیہونی دہشتگردی کے نتیجے میں ہونے والی سیکڑوں شہادتوں نے اس بار کے محرم کو خاص جوش اور حرارت عطا کر دی ہے۔ ’ایرانِ حسین تاابد پیروز است‘ کے سلوگن کے ساتھ ایران اس سال اپنے مولا و آقا سید الشہدا امام حسین علیہ السلام کا سوگ منا رہا ہے۔
آج دس محرم الحرام کی مخصوص مجالس اور جلوسوں کا سلسلہ پورے ملک میں جاری ہے۔ مشہد، قم، شیرا، تہران اور ملک کے دیگر شہروں میں موجود روضات مبارک عزاداروں اور سوگواروں سے لبریز ہیں جو حرم پہنچ کر خاندان اہل بیت علیہم السلام کو مولا حسین کی شہادت کا پرسہ پیش کرنے کے ساتھ ساتھ مکت کربلا کے ساتھ تجدید عہد کر رہے ہیں۔اس کے علاوہ دیگر چھوڑے بڑے شہریوں، قریوں میں بھی عاشور کی مجالس اور جلوسہائے عزا کا سلسلہ جاری ہے۔
دوسری جانب پاکستان اور ہندوستان میں بھی آج عاشورکی مناسبت سے حسین کے چاہنے والے بڑی شان و شوکت کے ساتھ مجالس، سینہ زنی نوحہ ماتم اور جلوسہائے عزا کی شکل میں کربلا والوں کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں۔ راولپنڈی، کراچی، لاہور، ملتان، پشاور اور کوئٹہ سمیت پورے پاکستان میں نواسہ رسول کے دلدادہ سوگواری میں مصروف ہیں اور عاشور کے جلوس اپنے معینہ راستوں پر رواں دواں ہیں۔ اُدھر ہندوستان کے مشرق سے مغرب اور شمال سے جنوب تک سبھی چھوٹے بڑے شہروں منجملہ لکھنؤ، ممبئی، حیدرآباد، بنگلور، پٹنہ، کولکتہ اور خاص طور پر خطہ کشمیر میں عاشور کے جلوسوں کا سلسلہ جاری ہے جن میں سید الشہدا امام حسین علیہ السلام کے چاہنے والے اپنی والہانہ عقیدت و الفت کا اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ مکتب کربلا کے ساتھ تجدید عہد کر رہے ہیں۔ پاکستان و ہندوستان کے بعض علاقوں سے اطلاعات ہیں کہ سخت گرمی کے پیش نظر بلا تفریق مذہب و ملت عزاداروں نے رہگزروں کے لئے سبیلیں بھی لگائی ہیں۔ دیگر بہت سے ممالک میں بھی اس وقت شہدائے کربلا کی قربانیوں کی یاد میں مجالس عزا اور سوگواری کا سلسلہ جاری ہے۔

ٹیگس