Feb ۰۹, ۲۰۱۷ ۰۸:۳۹ Asia/Tehran
  • پاکستان: تکفیری دہشتگرد مکمل آزاد

مجلس وحدت مسلمین نے ملت جعفریہ کی ٹارگٹ کلنگ پر حکومت پنجاب اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی خاموشی کو افسوسناک قرار دیا ہے۔

مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ مبارک موسوی نے ساہیوال میں ڈاکٹر قاسم شہید کی رسم قل کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ساہیوال میں پے درپے ملت جعفریہ کی ٹارگٹ کلنگ پر حکومت پنجاب اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی خاموشی افسوسناک ہے، نیشنل ایکشن پلان کے نام پر سیاسی حریفوں کو انتقامی کارروائی کا سامنا ہے، پنجاب میں کالعدم تکفیری دہشتگرد گروہ صوبہ بھر میں مکمل آزاد ہیں، پنجاب میں دہشتگردوں اور سی ٹی ڈی کا ہدف ہمیں ایک ہی نظر آتا ہے، دہشتگرد ہمیں قتل کرتے ہیں اور سی ٹی ڈی بھی ہمارے ہی پُرامن علماء اور کارکنوں کو غائب کرنے میں مصروف ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم مزید ایسے مظالم پر خاموش نہیں رہیں گے، ساہیوال میں 2 ماہ کے اندر ہم 3 جنازے اُٹھا چکے ہیں، ڈاکٹر خالد بٹ اور ان کے بیٹے کے قاتلوں کا ابھی سراغ نہیں لگا تھا کہ ڈاکٹر قاسم کو سربازار شہید کر دیا گیا، کیا پنجاب میں جنگل کا قانون ہے۔۔؟ آخر ہمارے شہداء کے ورثا انصاف کیلئے کہاں جائیں۔۔؟

واضح رہے کہ دو روز قبل ساہیوال میں تکفیری دہشتگردوں نے فائرنگ کر کے ڈاکٹر قاسم کوشہید کر ےدیا تھا۔

 

ٹیگس