آزادی مارچ والے حکومت کی کامیابی سے خوفزدہ ہیں، عمران خان
Oct ۲۸, ۲۰۱۹ ۱۶:۳۹ Asia/Tehran
پاکستان کے وزیر اعظم نے ایک بار پھر کہا ہے کہ وہ اپوزیشن رہنما کو کسی صورت میں این آر او نہیں دیں گے۔
ننکانہ صاحب میں گرونانک یونیورسٹی کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے ایک بار اپنے اس موقف کا اعادہ کیا کہ جب تک وہ زندہ ہیں کسی کو این آر او نہیں دیں گے۔
پاکستان کے وزیراعظم نے اپوزیشن کے آزادی مارچ پر بھی کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ آزادی مارچ والے موجودہ حکومت کی کامیابی سے خوفزہ ہے۔انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ بلیک میلنگ کا ایک طریقہ ہے لیکن میں بلیک میل ہونے والا نہیں ہوں۔
مسلم لیگ نون کے قائد نواز شریف سے متعلق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سابق وزیراعظم کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔
انہوں نے نواز شریف کی زندگی کی ضمانت کے حوالے سے عدالتی استفسار پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ میں تو اپنی زندگی کی ضمانت نہیں دے سکتا کسی اور کی جان کی ضمانت کیسے دے سکتا ہوں۔