پاراچنار دھماکہ، پاکستان کے امن کو تباہ کرنے کی سازش
پاکستان کی سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے پاراچنار دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ملک کے امن کو تباہ کرنے کی سازش قرار دیا ہے۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سکریٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی نے پاراچنار دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی امن کو تباہ کرنے کی سازش کی جا رہی ہے، گزشتہ کچھ عرصہ سے پاراچنار کے حالات دانستہ طور پر کشیدہ کیے گئے۔ پاراچنار کے اعلیٰ انتظامی افسران کو متعدد بار متنبہ کیا گیا کہ پاراچنار ایک حساس علاقہ ہے جو شرپسندوں کے نشانے پر ہے، یہاں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی اشد ضرورت ہے، لیکن انتظامیہ کی طرف سے خاطر خواہ انتظامات نہیں کیے گئے جس کی وجہ سے یہ واقعہ رونما ہوا۔
شیعہ علماء کونسل پاکستان خیبر پختونخوا کے صدر علامہ حمید حسین امامی نے پاراچنار میں ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاراچنار کے چاروں طرف ریڈ زون ہے، ناکوں پر آرمی ہے، پھر دہشت گرد آسمان سے نازل ہوتے ہیں یا زمین سے نکلتے ہیں؟ ان کا کہنا تھا کہ ضلع کرم کی انتظامیہ بری طرح ناکام ہو گئی ہے، ناتجربہ کار ڈی سی، اے سی اور ڈی پی او کو فوراً معطل کیا جائے، تاکہ علاقہ میں امن قائم ہوسکے۔
مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ وحید کاظمی نے پاراچنار بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ملک دشمن عناصر کی کارروائی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شدت پسند عناصر ایک بار پھر ملک و قوم کی سلامتی کے خلاف سر اُٹھا رہے ہیں، جنہیں وحدت و اخوت کے ہتھیار سے شکست دینا ہوگی۔ علامہ وحید کاظمی نے کہا کہ پاراچنار میں ہونے والا بم دھماکہ علاقائی امن کو تباہ کرنے کی سازش ہے، اس طرح کے واقعات میں ملوث شرپسند عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
دوسری جانب علاقے کے مکینوں نے واقعے کے خلاف مقامی پریس کلب کے باہر احتجاج کیا۔
واضح رہے کہ کل شام صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے پاراچنار کے طوری بازار میں خوفناک بم دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد زخمی ہوئے جبکہ اطراف میں موجود گاڑیوں اور املاک کو بھی نقصان پہنچا ۔ ڈی ایس پی نجب علی کا کہنا ہے کہ آئی ای ڈی کے ذریعے دھماکا کیا گیا جسے سبزی کی ریڑھی میں نصب کیا گیا تھا۔
دنیا بالخصوص عالم اسلام اور علاقے کی اہم خبروں کے لیے ہمارا واٹس ایپ گروپ جوائن کیجئے!
Whatsapp invitation link