Jul ۲۸, ۲۰۲۰ ۱۹:۳۱ Asia/Tehran
  • عید کے بعد حکومت کے خلاف تحریک شروع ہوگی: پاکستان اپوزیشن

پاکستان میں حزب اختلاف نے عید الاضحی کے بعد عمران خان کی حکومت کے خلاف تحریک کی تیاری شروع کر دی ہے۔

پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری اور جمیعت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے لاہور کے ایک ہوٹل میں ملاقات کی۔ اس ملاقات میں عید الاضحی کے بعد عمران خان کی حکومت کے خلاف ملک گیر تحریک چلانے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ اس ملاقات میں پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما قمر زماں کائرہ اور چودھری منظور بھی شریک تھے۔ 
پاکستان پیلپز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمان نے اس ملاقات میں عید الاضحی کے بعد کل جماعتی کانفرنس کے ایجنڈے پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔ 
ملاقات کے بعد بلاول بھٹو زرداری نے صحافیوں کو بتایا کہ ملاقات میں اے پی سی کے ایجنڈے پر گفتگو ہوئی ۔ انہوں نے بتایا کہ وسط مدتی انتخابات کے بارے میں متحدہ اپوزیشن فیصلہ کرے گی۔ 
جمیعت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اس موقع پر بتایا کہ متحدہ اپوزیشن کی رہبر کمیٹی ایجنڈے کے بارے میں تجاویز مرتب کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے اقتدار سے ہٹنے کے بعد پہلی ترجیح ملکی معیشت کو اٹھانا ہوگا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے ذرائع نے بتایا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری اس سلسلے میں پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف سے بھی ملاقات کریں گے۔ 

ٹیگس