حکومت اور اپوزیشن میں پھر ٹھن گئی
اپوزیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ پارلیمنٹ سے آئینی ترمیمی بل منظور نہیں ہونے دیا جائیگا۔
سینیٹ انتخابات سے متعلق پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اور جے یو آئی کے رہنماؤں کے آپس میں رابطے ہوئے جس میں دونوں ایوانوں سے ترمیم کی منظوری روکنے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے کرانے سے متعلق آئینی ترمیم کو دونوں ایوانوں سے منظور نہیں ہونے دیا جائیگا۔
پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ اور امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے بھی اپنی حکمت عملی تبدیل کرکے سینیٹ کےضمنی الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کیا ہے۔
واضح رہے کہ عمران خان کی حکومت نے سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے کرانے کیلئے چھبیسویں آئینی ترمیم قومی اسمبلی سے منظور کرانے کا پلان مرتب کیا ہے اور اس سلسلے میں پاکستان کی قومی اسمبلی کا اجلاس دو روزہ وقفے کے بعد پیر کی شام پانچ بجے طلب کیا گیا ہے جس میں حکومت کی جانب سے آئینی ترمیم، بل کی شکل میں لانے کیلئے حکمت عملی بنائی جا رہی ہے۔ حکومتی و اتحادی ارکان کو پیر کے روز سے ایوان میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایات کر دی گئی ہے۔