Mar ۲۴, ۲۰۲۱ ۰۹:۱۴ Asia/Tehran
  • دہشتگرد اپنے منطقی انجام کو پہنچیں گے

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے وزیر داخلہ نے چمن دھماکے پر سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے وزیر داخلہ میر ضیااللہ لانگو نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے اس میں جانی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد اپنے منطقی انجام کو پہنچیں گے اور افسوسناک واقعے میں ملوث ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں جبکہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو ہر قیمت پر انصاف فراہم کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ کل شام چمن میں تاج روڈ پر دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دھماکہ لیویز جیل کے سامنے ہوا جب کہ بم موٹرسائیکل میں نصب کیاگیا تھا ۔دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ قریبی دکانوں کو بھی اس سے نقصان پہنچا۔

چمن بلوچستان کا حساس علاقہ تصور کیا جاتا ہے کیونکہ اس کی سرحدیں افغانستان کے صوبے قندھار سے لگتی ہیں۔

خیال رہے کہ صوبہ  بلوچستان گزشتہ کچھ عرصے سے بدامنی کا شکار ہے۔

گزشتہ سال اگست میں چمن کے مال روڈ پر دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہو گئے تھے۔

ٹیگس