Jun ۳۰, ۲۰۲۱ ۱۷:۴۱ Asia/Tehran
  • قومی اسمبلی میں قریشی اور بلاول میں ٹکراؤ

پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور حزب اختلاف کی جماعت پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے درمیان قومی اسمبلی میں سخت جملوں کا تبادلہ ہوا ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق، قومی اسمبلی کے بجٹ سیشن کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی آمنے سامنے آگئے۔ دونوں نے ایک دوسرے کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور ماضی کے حوالے سے سخت جملے کسے۔

بلاول بھٹو زرداری نے شاہ محمود قریشی کا نام لیے بغیر، وزیر اعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملتان کے فاضل ممبر اسمبلی کو پہنچانیں، میں انہیں بچپن سے جانتا ہوں۔

انہوں نے وزیر خارجہ پر کشمیر کا سودا کرنے کا الزام لگایا تاہم یہ نہیں بتایا کہ انہوں نے کشمیر پر کیا سودے بازی کی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کے جواب میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ میں بلاول کو بھی جانتا ہوں اور ان کے پاپا کو بھی جانتا ہوں۔ شاہ محمود قریشی کا اشارہ ملک کے سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب تھا جو طویل بیماری کے بعد ایک بار پھر سیاست میں سرگرم دکھائی دے رہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے بجٹ کو دھاندلی سے منظور کرانے کا الزام عائد کرتے ہوئے دھمکی دی کہ وہ وزیر اعظم عمران خان کو ایوان میں تقریر نہیں کرنے دیں گے۔ اپوزیشن کی دھمکی کے باوجود وزیر اعظم عمران خان نے قومی اسمبلی میں خطاب کیا۔ 

ٹیگس