Apr ۱۰, ۲۰۲۲ ۱۷:۰۹ Asia/Tehran
  • پاکستان میں سیاسی بحران جاری، تحریک انصاف کا قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کا فیصلہ

تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال کے پیش نظر آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر غور کیا گیا

پاکستان میں جاری سیاسی بحران تھمنے کا نام نہیں لے رہا اور عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد یہ کہا جا رہا تھا کہ شاید سیاسی بحران اب ختم ہو جائیگا لیکن اب تحریک انصاف کی جانب سے قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کے اعلان کے بعد یہ بحران جوں کا توں برقرار ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف انصاف عمران خان کی زیر صدارت پارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں کور کمیٹی ممبران، پنجاب اور خیبرپختون خوا کے وزرائے اعلی، گورنرز اور پارٹی کی سینئر قیادت نے شرکت کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال کے پیش نظر آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر غور کیا گیا اور وزیراعظم کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروانے سے متعلق بھی مشاورت ہوئی۔

تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ہم تمام افراد قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے جارہے ہیں، ہم چوروں اور ڈاکوؤں کے ساتھ نہیں بیٹھ سکتے، شہباز شریف کے ساتھ شریک نہیں ہوسکتے، سب نے اتفاق رائے سے فیصلہ کیا ہے کہ مستعفی ہوں گے، نو بجے پارلیمانی میٹنگ ہوگی جب کہ میں ساڑھے نو بجے لال حویلی میں قوم سے خطاب کروں گا۔

اس موقع پر موجود فواد چوہدری نے کہا کہ کور کمیٹی میٹنگ میں تمام صورتحال کا بھرپور جائزہ لیا گیا، کور کمیٹی متفق ہے کہ حکومت کی تبدیلی بین الاقوامی رجیم چینج آپریشن تھا جو پاکستان میں ہوا، لیٹر گیٹ کی دستاویز اسپیکر، صدر سپریم کورٹ کو بھیج دی ہے، کوئی غیرت مند یہ قبول نہیں کرے گا کہ اس کے فیصلے باہر سے کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی غلامی کا سب سے بڑا ثبوت باہر سے فیصلے ہونا ہے، لگتا ہے 1940ء کی طرح عوام کو آزادی کی جدوجہد دوبارہ کرنی ہوگی، ہماری کمیٹی اور عمران خان نے پوری پاکستان سے اپیل کی ہے کہ وہ آج رات عشا کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز میں بھرپور احتجاج کریں۔

انہوں نے کہا کہ کور کمیٹی نے متفقہ فیصلہ کیا ہے کہ ہمیں اسمبلیوں سے مستعفی ہوجانا چاہیے، ابتدا قومی اسمبلی سے کررہے ہیں، اگر شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی پر ہمارے اعتراضات منظور نہیں ہوئے تو شبہاز شریف کے وزیراعظم منتخب ہوتے ہی ہم کل ہی اسمبلیوں سے استعفی دیں گے، آج رات پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہوگا، متعدد ارکان کے استعفی پہلے ہی جمع ہوچکے ہیں بقیہ کے استعفی بھی مشاورت کے بعد جمع ہوجائیں گے۔

ٹیگس