Apr ۱۵, ۲۰۲۲ ۱۸:۱۷ Asia/Tehran
  • دہشت گردوں کے حملوں میں پاکستانی فوج کا جانی نقصان

پاکستان کے شمالی وزیرستان میں دہشت گرد عناصر کے حملے میں آٹھ پاکستانی فوجی اہلکار مارے گئے ہیں۔

پاکستانی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے ارنا کی رپورٹ کے مطابق دہشت گرد عناصر نے شمالی وزیرستان کے دتہ خیل علاقے میں پاکستانی فوج کے ایک قافلے پر گھات لگا کر حملہ کیا جس میں سات فوجی اہلکار مارے گئے۔ اس حملے میں دہشت گردوں نے راکٹ سے چلنے والے گرینیڈ لانچر کا بھی استعمال کیا۔

جبکہ دوسرے واقعے میں جو شمالی وزیرستان کے آسام علاقے میں پیش آیا سیکورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ میں ایک پاکستانی فوجی مارا گیا۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ پاکستانی فوج کے ترجمان نے جمعرات کے روز رواں عیسوی سال کے پہلے تین ماہ میں دہشت گردانہ حملوں میں اضافہ ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اس عرصے کے دوران ستانوے پاکستانی فوجی اہلکار مارے گئے ہیں۔ اب تک کسی بھی گروہ نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

یاد رہے تین روز قبل بھی پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکورٹی اہلکاروں پر ہونے والے حملے میں پانچ سیکورٹی اہلکار مارے گئے تھے۔

ٹیگس