Apr ۱۹, ۲۰۲۲ ۱۸:۵۱ Asia/Tehran
  • پاکستان: آرمی چیف اور وزیر اعظم کی ملاقات

اسلام آباد میں پاکستان کے آرمی چیف نے ملک کے نئے وزیر اعظم سے ملاقات کی ہے۔

اسلام آباد سے ہمارے نمائندے نے بتایا ہے کہ پاکستان کے نئے وزیر اعظم میاں شہباز شریف سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات میں قومی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد میاں شہباز شریف سے پاکستان کے آرمی چیف کی یہ پہلی ملاقات ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ شہباز شریف کی تقریب حلف برداری میں شریک نہیں ہوئے تھے جس کی وجہ پاکستانی فوج کے ترجمان جنرل بابر افتخار نے آرمی چیف کی طبیعت کی خرابی بتائی تھی۔ انھوں نے 14 اپریل کو ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ شہباز شریف کی تقریب حلف برداری کے دن آرمی چیف کی طبیعت ناساز تھی جس کی وجہ سے وہ آفس بھی نہیں آئے تھے۔

قابل ذکر ہے کہ پاکستان کے آرمی چیف نے ایسے وقت میں وزیر اعظم سے ملاقات کی ہے کہ میاں شہباز شریف کی کابینہ کے اراکین نے منگل کو حلف اٹھا لیا ہے اور اکثر وزیروں کے قلمدانوں کا بھی اعلان کردیا گیا ہے۔

پیپلز پارٹی کے چـیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حلف نہیں اٹھایا ہے اور رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ بلاول بھٹو سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف سے ملاقات اور بعض اہم معاملات پر گفتگو کے لئے منگل کی رات لندن روانہ ہو رہے ہیں جہاں سے واپسی پر وہ وزیر خارجہ کے عہدے کا حلف اٹھا سکتے ہیں ۔

ٹیگس