سرگودھا میں پاور شو سے مریم نواز کا خطاب، مہنگائی لانے سے بہتر ہے حکومت چھوڑ دی جائے
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عوام کے لیے مہنگائی کا طوفان لانے سے بہتر ہے حکومت چھوڑ دی جائے۔
سرگودھا میں پارٹی کے پاور شو سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بد قسمتی تھی کہ ایک نالائق، نااہل، اناڑی، کھنڈرے کو پاکستان کے 22 کروڑ عوام پر پر مسلط کیا گیا، اس نے 4 سال میں پاکستان کی معیشت تباہ کردی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی 4 ہفتوں کی حکومت میں نالائق آدمی 40 تقریریں کرچکا ہے لیکن ایک منٹ بھی اپنی حکومت کی کارکردگی اور اپنے کارنامے بتا نہیں سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمراں خان ازل کا جھوٹا شخص ہے، سب سے پہلے 35 پنکچر کا جھوٹ بولا، کوئی ثبوت پیش نہیں کیا، اس کے بعد غیر ملکی سازش کا ڈرامہ کیا اس کا بھی کوئی ثبوت فراہم نہیں کرسکا، پھر آخر میں اپنے قتل کا ڈرامہ رچایا، کوئی ثبوت نہیں دے سکا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان آج حکومت پر تنقید کرتے ہیں کہ یہ کوئی فیصلہ نہیں کرپا رہے، عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تم جیسے بے حس شخص کو کیا پتا کہ درد دل رکھنے والے ایک حکمران کے لیے عوام کو مشکل میں ڈالنے والے فیصلے کرنا کتنا مشکل کام ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف آلو، پیاز کے ریٹ ٹھیک کرنے آیا ہے۔ نواز شریف کے لیے کیسی چیز کی قیمت میں ایک روپیہ بھی بڑھانا بہت بڑی بات ہے۔
مریم نواز کا جلسے کے شرکا سے سوال پوچھتے ہوئے کہنا تھا کہ حکومت میں رہنا چاہیے یا چھوڑ دینی چاہیے، کیا عمران خان کی ہوئی تباہی اور بربادی کا ٹوکرا (ن) لیگ سر رکھنے کی ضرورت ہے؟
انہوں نے جلسے میں موجود لوگوں سے سوال پوچھتے ہوئے کہا کہ اگر نواز شریف اس وقت عوام کے لیے حکومت چھوڑتے ہیں تو کیا آپ اس کو آئندہ 5 سال کے لیے 2 تہائی اکثریت والی حکومت دو گے۔
مریم نواز نے کہا کہ عدلیہ اگر عمران خان کے حق میں فیصلہ نہ دے تو کہتا ہے کہ عدلیہ بکی ہوئی ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان ایک فتنے کا نام ہے، اس فتنے کو روکنا چاہیے، اس فتنے کو ختم کرنا چاہیے کیونکہ جب تک عمران خان جیسا فتنہ موجود ہے، پاکستان ترقی نہیں کرسکتا، اس فتنے کا دوسرا نام تباہی ہے، ہر شہری، ماں، بیٹی بزرگ، عدلیہ، افواج پاکستان اور میڈیا کا فرض ہے کہ اس فتنے کو روکے۔