امریکہ نہیں چاہتا کہ پاکستان ترقی کرے: عمران خان
عمران خان نے کہا ہے کہ امریکہ نہیں چاہتا کہ پاکستان ترقی کرے۔
پاکستان کے سابق وزیراعظم اور تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے آج شام اسلام آباد میں تحریک انصاف کی نیشنل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دعوی کیا کہ شہباز شریف کی حکومت امریکہ کی اجازت کے بغیر کوئی بھی کام نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو پاکستانی عوام کی نہیں بلکہ واشنگٹن کے حکام کی فکر ہے کہ کہیں وہ ناراض نہ ہو جائیں اس لئے کہ وہ ڈرتے ہیں کہ اگر امریکی حکام ناراض ہو گئے تو غیر ملکوں میں ان کے اثاثوں کو نقصان پہنچے گا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ امریکہ یہ دعوی کرتا تھا کہ وہ پاکستان کا اتحادی ہے لیکن اس کے باوجود اس نے ہم پر 400 مرتبہ ڈرون حملے کئے ۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ امریکہ نہیں چاہتا کہ پاکستان ترقی کرے اسی لئے اس نے ہماری حکومت گرا دی اس لئے کہ اسے پتہ تھا کہ اگر ہماری حکومت رہی تو ہم روس سے 30 فیصد سستا تیل خریدیں گے جس سے پاکستانی عوام کو فائدہ ہو گا اور امریکہ نہیں جاہتا کہ پاکستان ترقی کرے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ چند روز میں ملک گیر احتجاج کی کال دوں گا، جو ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا احتجاج ہوگا، عوام تیاری رکھیں، جیسے ہی سپریم کورٹ سے ہمارے کیس کا فیصلہ ہوتا ہے کال دوں گا۔