Jun ۲۷, ۲۰۲۲ ۰۸:۳۴ Asia/Tehran
  • فائل فوٹو
    فائل فوٹو

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ دوسری جانب پاکستان کی موجودہ حکومت نے دہشتگردی میں اضافے کا ذمہ دار سابق حکومت کو قرار دیا ہے۔

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے نیشنل ایکشن پلان (این اے پی) پر عملدرآمد میں سابقہ حکومت کی مبینہ غفلت پر تنقید کرتے ہوئے پلان میں صوبوں کا کردار بحال کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

امن و امان سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سابق حکومت کو مورد الزام ٹھہراتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 4 برسوں میں (جب پی ٹی آئی اقتدار میں تھی) این اے پی کے نفاذ میں صوبوں کے کردار کو نظر انداز کیا گیا جس کی وجہ سے ملک میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں اضافہ ہوا۔

خیال رہے کہ 20 نکاتی این اے پی دسمبر 2014 میں پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر دہشت گردانہ حملے کے تناظر میں وضع کیا گیا تھا۔

دوسری جانب شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے غلام خان کیلی میں سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ 

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ہلاک ہونے والے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران دو فوجی اہلکار بھی جاں بحق ہوئے۔

ٹیگس