تحریک انصاف کا انتخابات میں کامیابی پر جشن، ملک میں شفاف انتخابات کا مطالبہ
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کے ضمنی انتخابات میں واضح برتری کے بعد ایک مرتبہ پھر ملک میں شفاف انتخابات کا مطالبہ دہرایا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے پنجاب کے مختلے شہروں بالخصوص لاہور میں تین نشستوں پر ملنے والی کامیابی کے بعد لبرٹی چوک پر جمع ہوکر جشن منایا، ایک دوسرے کو مبارک باد دی، عمران خان کے حق میں نعرے لگائے اور آتشبازی بھی کی۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کے ضمنی انتخابات میں واضح برتری کے بعد ایک مرتبہ پھر ملک میں شفاف انتخابات کا مطالبہ دہرایا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں پنجاب میں کامیابی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ 'میں پی ٹی آئی کے کارکنان اور پنجاب کے ووٹرز کا نہ صرف پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو شکست دینے بلکہ پوری ریاستی مشینری، خاص طور پر پولیس کی جانب سے ہراساں کرنے اور مکمل طور پر الیکشن کمیشن کی جانب داری کے باوجود کامیابی پر شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں'۔
انہوں نے کہا کہ 'ہمارے تمام اتحادیوں پاکستان مسلم لیگ (ق)، ایم ڈبلیو ایم اور سنی اتحاد کونسل کا شکریہ ادا کرتا ہوں'۔
خیال رہے کہ ضمنی الیکشن کے نتائج سامنے آنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز، وفاقی وزیر سعد رفیق، سردار ایاز صادق اور صوبائی وزیر داخلہ عطا اللّٰہ تارڑ شریک ہوئے۔
انتخابات کے نتائج پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ مسلم لیگ ن کو کھلے دل سے نتائج تسلیم کرنا چاہئیں۔
اُدھر وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے نتائج پر کہا ہے کہ ہمارا مقابلہ پی ٹی آئی سے نہیں، مہنگائی سے تھا، ہم نے ہمیشہ عوام کے فیصلے کو تسلیم کیا ہے، اب بھی تسلیم کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ پنجاب کے 20 حلقوں میں کل ہونے والے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی نے 15 نشستیں اپنے نام کیں جبکہ مسلم لیگ ن 4 اور ایک نشست پر آزاد امیدوار کامیاب ہوا۔