پاکستانی روپے کی بے قدری کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے
پاکستانی روپے کی بے قدری نے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دئے ہیں۔
پاکستان میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی اونچی اڑان کا سلسلہ جاری ہے اور آج بھی انٹربینک میں ڈالر کی قدر اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی جس کی نظیر ماضی میں نہیں ملتی۔ انٹربینک میں ڈالر 2 روپے 48 پیسےمہنگا ہونے کے بعد 238 روپے 50 پیسے پر فروخت ہو رہا ہے۔
گزشتہ ہفتے کاروبار کے دوران ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 8.25 فیصد کمی دیکھی گئی، 22 جولائی کو روپیہ 228 روپے 36 پیسے کے ساتھ کم ترین سطح پر بند ہوا جب کہ 15 جولائی کو ڈالر کے مقابلے میں اس کا ریٹ 210 روپے 95 پیسے تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی مخلوط حکومت آنے کے بعد انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر اب تک 56 روپے مہنگا ہو چکا ہے جس کے باعث ملکی قرضوں کے بوجھ میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت کی غلط پالیسی کی وجہ سے پاکستانی معیشت دباؤ کا شکار ہے اور اسی وجہ سے روپے کی قدر دن بدن گرتی جا رہی ہے۔