مسجد الاقصی کی آزادی کیلئے مسلمان ممالک کے اتحاد پر تاکید
فلسطین کی جہاد اسلامی تنظیم کے سربراہ زیاد النخالہ نے جو ایک وفد کے ہمراہ تہران کے دورے پر ہیں ایران کے اسپیکر اور وزیر خارجہ سے ملاقات کی ۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورای اسلامی کے اسپیکر قالیباف نے اس موقع پر زیاد النخالہ سے فلسطین کی موجودہ صورتحال پر گفتگو کی اور اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے ملت فلسطین کی مکمل حمایت پر زور دیا ۔
وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے بھی منگل کی شام فلسطین کی جہاد اسلامی تحریک کے سربراہ زیاد النخالہ سے ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات میں انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے آزادی بیت المقدس اور فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت اور صیہونی حکومت کے اپرتھائیڈ نظام کے سامنے مزاحمت کا اعادہ کیا۔
امیرعبداللہیان نے اس موقع پر زور دیکر کہا کہ اگر مسلمان ممالک کا اتحاد مضبوط ہوجائے تو دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانا آسان ہوجائے گا۔ اس موقع پر زیاد النخالہ نے بھی استقامتی تنظیم کی حمایت میں ایرانی عوام اور قیادت کی حمایت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے اپنی متحرک علاقائی اور عالمی اسٹریٹیجی میں بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں جو ایران کے اسلامی نظام کے استحکام کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری امت اسلامیہ ایران کی کامیابی کو اپنی کامیابی قرار دیتی ہے۔
انہوں نے صیہونیوں کی جانب سے تمام معاہدوں کی خلاف ورزی کا بھی ذکر کیا ۔ جہاد اسلامی کے سربراہ نے کہا کہ اپنے حقوق حاصل کرنے کے لئے ملت فلسطین کے سامنے واحد راستہ استقامت کا بچا ہے جس کی مدد سے دشمنوں کو نکال باہر کیا جائے گا۔