Aug ۲۲, ۲۰۲۲ ۰۹:۱۹ Asia/Tehran
  • عمران خان عوامی جلسے کو خطاب کرتے ہوئے
    عمران خان عوامی جلسے کو خطاب کرتے ہوئے

پاکستان کے سابق وزیراعظم اورتحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے راولپنڈی جلسے میں "غیرجانب داروں" کو پارٹی کریک ڈاؤن کا اصلی ذمہ دار قرار دے دیا۔

پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق سابق پاکستانی وزیراعظم اور تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ایک جلسے میں "غیرجانب داروں" کو پارٹی کریک ڈاؤن کا اصلی ذمہ دار قرار دے دیا۔ انہوں نے یہ بات راولپنڈی میں ایک منعقد جلسے سے خطاب کے دوران کہی۔

رپورٹ کے مطابق عمران خان نے کہا کہ انہوں نے جس سفر کا آغاز کیا ہے، حقیقی آزادی کے ملنے تک وہ اسے جاری رکھیں گے۔

پی ٹی آئی چیف نے کہا کہ 25 مئی کو پولیس نے ہمارے خلاف تشدد کی راہ اپنائی تھی تو مجھے اندرونی ذرائع نے اطلاع دی تھی کہ پولیس کو اوپر سے احکامات دئیے گئے ہیں یعنی "غیرجانب داروں" نے ان پر دباؤ ڈالا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنوں پر سخت ہاتھ رکھیں۔ عمران خان نے استفسار کیا کہ اس صورتحال میں کیا "غیر جانب دار" واقعا غیر جانب دار ہیں؟!

سابق وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ پولیس ذرائع ان سے کہا ہے کہ شہباز گل پر ہونے والے تشدد میں ان کا کوئی قصور نہیں، انہیں پیچھے سے احکامات دئیے گئے تھے۔

عمران خان نے فوجی اسٹیبلشمنٹ کو بھی سخت ہدف تنقید بنایا اور کہا کہ وہ (پولیس والے) بھی تم پر انگلیاں اٹھا رہے ہیں، جب بھی پاکستان میں کوئی غلط کام ہوتا ہے تو تم اس کے ذمہ دار ٹھہرتے ہو۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ جو لوگ اسلام آباد بنی گالہ میں ان سے ملاقات کے لئے آتےہیں، انہیں انٹیلی جنس ایجنسیوں کی طرف سے فون کئے گئے ہیں۔

ڈان کی رپورٹ کے مطابق پنڈی میں عمران خان کے جلسے کے دوران ملک کے بعض حصوں میں یوٹیوب سروس مشکلات کا شکار رہی۔

یاد رہے کہ عمران خان کے جلسوں کی کوریج کرنے پر پیمرا نے پابندی لگا دی تھی۔

 

ٹیگس