شہباز گل عدالت میں پیش
پاکستانی فوج کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے الزام میں گرفتار تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کوپولیس نے پیر کو عدالت میں پیش کیا
پاکستانی میڈیا کے مطابق شہباز گل کو اسلام آباد کے پمز اسپتال سے ڈسچارج کرکے کالے شیشوں والی گاڑی میں اسلام آباد کی کچہری لایا گیا - اس موقع پر پولیس نے غیر متعلقہ افراد کو عدالت میں جانے سے روک دیا ۔
عدالت میں پیشی کے دوران شہباز گل خود بول پڑے اور کہا کہ ایس پی مجھے لے کر آئے ہیں اور مجھے بتایا گیا ہے کہ ضمانت ہوگئی ہے - انہوں نے کہا کہ کل رات سے میں بھوک ہڑتال پر ہوں مجھ سے کسی کو نہیں ملنے دیا جارہا ہے اور مجھے زبردستی کھلایا جارہا ہے -
پی ٹی آئی کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ شہباز گل پر دوران حراست تشدد کیا گیا ہے جبکہ پولیس اور حکومت اس سے انکار کرتی ہے اور میڈیکل رپورٹ میں بھی کہا گیا ہےکہ شہباز گل پر تشدد کے کوئی ثبوت نہیں ملے ہیں -