Aug ۲۳, ۲۰۲۲ ۱۹:۵۹ Asia/Tehran
  • عمران خان کی صدارت میں وفاقی حکومت پر دباؤ بڑھانے کے بارے میں مشاورت

سابق وزیر اعظم عمران خان کی صدارت میں وفاقی حکومت پر دباؤ بڑھانے کے بارے میں مشاورت کی گئی۔

پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق پی ٹی آئی کے اجلاس میں سابق وفاقی وزرا، اسد عمر، فواد چودھری، شاہ محمود قریشی، شبلی فراز، سیف اللہ نیازی اور امجد نیازی سمیت پارٹی کے اہم رہنماؤں نے شرکت کی۔

پی ٹی آئی کے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں، مستقبل کی حکمت عملی اور شہباز گل کے معاملے پرمشاورت کی گئی۔

دوسری جانب ایڈیشنل سیشن جج زیبا چودھری کو مبینہ دھمکی دینے کے معاملے میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو شوکاز نوٹس دیتے ہوئے، اکتیس اگست کو طلب کرلیا۔

یاد رہے کہ عمران خان نے مبینہ طور پر بیس اگست کو ایک ریلی سے خطاب میں خاتون ایڈیشنل سیشن جج زیبا چودھری کے خلاف دھمکی آمیز الفاظ استعمال کئے تھے۔ سابق وزیر اعظم عمران خان پر الزام ہے کہ ملک کی عدلیہ اور الیکشن کمیشن کے خلاف مسلسل قابل اعتراض الفاظ استعمال کرتے رہے ہیں۔
ادھر پاکستان الیکشن کمیشن نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں جاری نوٹس پر سماعت پی ٹی آئی کے وکیل کی استدعا پر چھے ستمبر تک ملتوی کردی ہے۔ سماعت چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں چار رکنی بینچ نے کی۔

 

ٹیگس