Aug ۲۵, ۲۰۲۲ ۱۰:۴۸ Asia/Tehran
  • انسداد دہشتگردی عدالت میں آج عمران خان کی پیشی

پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان انسداد دہشت گردی ایکٹ کے مقدمے سے سلسلے میں آج انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہو رہے ہیں۔

عمران خان پر الزام ہے کہ انہوں نے خاتون جج زیبا چودھری، آئی جی اور ڈی آئی جی اسلام آباد کو دھمکیاں دی ہیں۔ اس سلسلے میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے راہداری ریمانڈ منظور کرتے ہوئے عمران خان کو تین دن کے اندر ٹرائل کورٹ میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز بنی گالہ میں چیئرمین پی ٹی آئی کی زیر صدارت قانونی ٹیم کا اجلاس ہوا جس میں عمران خان نے انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش ہونے کا فیصلہ کیا۔ اجلاس میں بابر اعوان، فواد چودھری کے علاوہ دیگر قانونی ماہرین نے شرکت کی۔

پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان ضمانت کیلئے آج انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش ہوں گے۔ پیشی سے قبل فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس کے اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات ہیں، پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے, اسکے علاوہ بکتربند گاڑیاں بھی جوڈیشل کمپلیکس کے باہر پہنچا دی گئی ہیں۔

پولیس کے 400 اہلکارجوڈیشل کمپلیکس کے اطراف تعینات کردیے گئے ہیں، ایف سی اہلکار بھی سیکیورٹی انتظامات میں پولیس اہلکاروں کی معاونت کریں گے۔

اطلاعات کے مطابق مقدمے کی سماعت انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج راجہ جواد عباس کریں گے۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ عوام تیار رہے اب جو کال دوں گا وہ آخری ہوگی۔

ہری پور میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ میرے خلاف دہشت گردی کا کیس درج ہونے پر ساری دنیا میں پاکستان کی بدنامی ہوئی۔ انہوں نے استفسار کیا کہ میں نے ایسا کیا کہا جو میرے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید کہا کہ تحریک انصاف اداروں کے خلاف بالکل نہیں ہے، ہمارا ایک ہی مطالبہ ہے ملک میں صاف شفاف الیکشن کرائیں جائیں، میں پورے ملک میں عوام کو تیار کرنے جا رہا ہوں، آپ سب تیار رہیں اور میری کال کا انتظار کریں۔

انہوں نے کہا کہ کبھی ہندوستان کی حکومت بھی ایسا فیصلہ نہیں کرتی کہ وہ دوسرے لوگوں کے لیے اپنی جانیں قربان کرے ہم نےامریکا کی جنگ میں شریک ہو کر80 ہزار پاکستانیوں کو کھو دیا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ اب ہم مزید کسی ملک کی خارجہ پالیسی کے لیے اپنے لوگوں کو قربان نہیں کریں گے۔

ٹیگس