پاکستان میں سیلابی اموات 1061 تک جا پہنچیں، ساڑھے نو لاکھ مکانات تباہ
پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور دوست ممالک سے سیلاب متاثرین کیلیے مدد کی اپیل کی ہے۔
پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں، 24 گھنٹے کے دوران مزید 28 اموات ہوگئیں، مجموعی تعداد 1061 تک پہنچ گئی۔ اسکے علاوہ 9 لاکھ 49 ہزار مکانات بھی زمین بوس ہوگئے، جبکہ 8 لاکھ مویشی ہلاک ہوگئے۔ سیلاب اب تک 149 پلوں کو نقصان پہنچا چکا ہے 3 ہزار 451 کلومیٹر سڑکیں تباہ ہو چکی ہیں۔
سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور جنوبی پنجاب میں ہرطرف بربادی کا منظر ہے، بعض دور دراز علاقوں تک رسائی ناممکن ہوگئی ہے جس کے باعث انسانی المیہ رونما ہونے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
خیبر پختونخوا میں سیلاب سے ڈی آئی خان، ٹانک، سوات، نوشہرہ اور چارسدہ میں بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔ دریائے کابل میں اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔
بلوچستان میں تباہی کی شدت کے ساتھ ساتھ صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 250 تک پہنچ گئی۔ اسکے علاوہ 61 ہزار 488 مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ 2 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبے پر کھڑیں فصلیں سیلاب کی نذر ہو گئیں، متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
ادھربتایا جاتا ہے کہ سیلاب سے پورا سندھ بری طرح متاثر ہے جہاں اب تک 347 افراد جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔ ایک لاکھ 71 ہزار گھروں کے علاوہ 28 لاکھ ایکڑ رقبے پر کھڑی فصلیں بھی تباہ ہو گئیں۔ سیلاب نے مواصلاتی نظام کو بھی ناکارہ بنا دیا ہے، سیلابی پانی کے باعث ریلوے کا نظام بھی معطل ہے۔ رپورٹ کے مطابق صوبے میں اب تک 39 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ (این ڈی ایم اے)کی جانب سے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سیلاب کے سبب 9 لاکھ 49 ہزار گھر،7 لاکھ 19 ہزار سے زائد لائف اسٹاک سیلاب کی نظر ہوئے، 2 لاکھ 67 ہزار 719 گھر ملیا میٹ، 3 ہزار 116 کلومیٹر شاہراہیں، 149 پُل سیلاب میں بہہ گئے۔
سندھ میں 49 لاکھ، پنجاب میں 4 لاکھ 50 ہزار، بلوچستان میں 3 لاکھ 60 ہزار افراد سیلاب سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں جبکہ کل ملا کر سیلاب اب تک ملک کی قریب تین کروڑ کی آبادی کو متاثر کر چکا ہے۔
در ایں اثنا پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سیلاب زدگان کی مدد کے لیے پاکستان کے مخیر حضرات اور پوری قوم سے زیادہ سے زیادہ تعاون کی اپیل کی ہے، اس کے ساتھ ہی انہوں نے حکومت اور عوام کی طرف سے دوست ممالک سے بھی آگے بڑھ کر ساتھ دینے کی درخواست کی۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ رواں سال سیلاب سے ملک بھر میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی جس کو ٹھیک کرنے اور لوگوں کی بحالی میں کئی سال لگ جائیں گے۔