Sep ۰۴, ۲۰۲۲ ۱۷:۰۶ Asia/Tehran
  • پاکستان میں سیلاب متاثرین کی امداد کا سلسلہ جاری

پاکستان میں سیلاب متاثرین کی امداد کا سلسلہ جاری ہے اور مختلف علاقوں میں سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کے ہزاروں رضاکار امدادی کاموں میں مصروف ہیں جبکہ اقوام متحدہ نے عالمی برادری سے پاکستان میں تین کروڑ سیلاب متاثرین کے لیے فوری امداد فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔

سرکاری سطح پر جاری کیے جانے والے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں سیلاب سے مرنے والوں کی تعداد بارہ سو سے تجاوز کرگئی ہے کہ جبکہ سولہ سو افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ملک کے پینتالیس شہر اور دیہات ہنوز سیلابی پانی میں گھرے ہوئے ہیں۔ جبکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو امداد پہنچانے اور انہیں عارضی پناگاہوں میں منتقل کیا جارہا ہے۔
ایران، قطر، فرانس، متحدہ عرب امارات اور ترکیہ سمیت دنیا کے مختلف ملکوں کی جانب سے بھیجی جانے والی امداد پاکستان پہنچ گئی ہے جبکہ غیر سرکاری تنظیموں نے عوامی امداد جمع کرنے اور سیلاب زدہ علاقوں میں اپنی سرگرمیاں شروع کردی ہیں۔
پاکستان کی ایک غیر سرکاری تنظیم کے عہدیدارعمر رشید نے ایران پریس سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ہمارے رضاکار سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں موجود ہیں اور مختلف شہروں میں امداد رسانی کا کام انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم سیلاب سے متاثرین کے لیے  کھانوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ تمام ضروری خدمات بھی فراہم کررہے ہیں۔
عمر رشید کا کہنا تھا کہ ڈیرہ غازی خان کےعلاقے میں ہم نے متاثرین کے لیے عارضی شیلٹر فراہم کیے ہیں جہاں انہیں بنیادی ضرورت کی اشیا اور سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔
میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ سیلاب کے نتیجے میں پاکستان بھر میں تین ہزار کلومیٹر سے زائد سڑکیں اور ایک سو پچاس پل تباہ ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے امداد رسانی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
پاکستانی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ اس صورتحال کے مستقبل قریب میں ملک کی فوڈ سیکیورٹی پر منفی اثرات پڑیں گے اور لوگوں کو غذائی اشیا کی قلت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
حکومت پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ سیلاب سے تباہ ہونے والے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور متاثرین کی بحالی کے لیے دس ارب ڈالر کی ضرورت ہے ۔ فوج سمیت پاکستان کے تمام سیکیورٹی ادارے بھی سیلاب متاثرین کی امداد میں مصروف ہیں۔
اقوام متحدہ نے پاکستان میں تین کروڑ سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے عالمی برادری سے فوری امداد فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔

ٹیگس