پی ڈی ایم پر عمران خان کا حملہ
پاکستان میں حزب اختلاف رہنما اور سابق وزیراعظم عمران خان نے حکمراں اتحاد میں شامل جماعتوں پر ان کے بیانات کو مسخ کرکے پیش کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
اپنے ایک ٹوئٹ میں سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس کڑے پروپیگنڈے پر نگاہ رکھے ہوئے ہوں جو بقول ان کے مجرموں کا پی ڈی ایم نامی گروہ میرے خلاف کر رہا ہے۔
عمران خان نے دعوی کیا کہ پی ٹی آئی کی بڑھتی ہوئی عوامی مقبولیت، اس گمراہ کن پروپیگنڈے کی اصل وجہ ہے۔ عمران خان نے اپنے ٹوئٹ میں مزید لکھا ہے کہ بس بہت ہو گیا، میں پشاور میں آج ہونے والے جلسے میں ان سب کو باضابطہ جواب دوں گا جو مجھے بدنام کرنے کے لیے میرے الفاظ کو جان بوجھ کر توڑ مروڑ رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سابق وزیراعظم نے اپنے ٹوئٹ میں واضح نہیں کیا کہ ان کا اشارہ کس بیان کی جانب ہے تاہم کہا جا رہا ہے کہ دو روز قبل فیصل آباد جلسے میں انہوں نے پاکستانی فوج کے سربراہ کی تعیناتی سے متعلق ایک بیان دیا تھا جس پر حکومت، عدلیہ کے علاوہ فوج کی جانب سے غم و غصے کا اظہار کیا گیا تھا۔