Sep ۰۷, ۲۰۲۲ ۲۰:۴۸ Asia/Tehran
  • پاکستان کے لیے گیس سپلائی پر کوئی بیرونی پابندی نہیں، ایرانی سفیر

اسلام آباد میں متعین ایران کے سفیر نے کہا ہے کہ پاکستان کے لیے گیس کی فراہمی پر کوئی پابندی نہیں۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کو انٹرویو دیتے ہوئے ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی کا کہنا تھا کہ پاکستان گیس پائپ لائن مکمل کرکے، ایران کے توانائی کے ذخائر سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتا ہے۔
سید محمد علی حسینی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تجارت کے فروغ میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برادر اسلامی ملک پاکستان کے ساتھ تعلقات کے فروغ کی کوئی حد معین نہیں ہے اور دونوں ممالک تمام میدانوں میں تعلقات کو فروغ دے سکتے ہیں۔
پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر نے مشترکہ اقتصادی کمیشن کے حالیہ اجلاس میں طے پانے والے سمجھوتوں کا حوالہ دیتے ہوئے، باہمی تجارتی اہداف کے حصول کے لیے ایران کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے سرحدی منڈیوں کی تعداد میں اضافے، آزاد تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دینے اور دونوں ملکوں کی بڑی بندرگاہوں کے درمیان تعاون کو باہمی تجارتی اہداف کی تکمیل کے لیے ضروری قرار دیا۔
توانائی کے بحران کے باوجود پاکستان سن دوہزار چودہ سے، بیرونی پابندیوں اور دباؤ کا بہانا بنا کر، مشترکہ گیس پائپ لائن منصوبے پر عملدرآمد سے گریز کرتا آیا ہے اور اس نے اپنے علاقے میں گیس پائپ لائن بچھانے کا کام بھی ادھورا چھوڑ رکھا ہے۔

ٹیگس