Sep ۲۰, ۲۰۲۲ ۰۰:۳۰ Asia/Tehran
  • پاکستانی آرمی چیف چین کے دورے پر، 100 ملین یوآن کی مدد کا اعلان

پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سرکاری دورے پر چین پہنچے۔

سحر نیوز/ پاکستان:  چین نے ہنگامی طور پر پاکستان کے سیلاب زدگان کے لیے سو ملین یوآن امداد کا اعلان کیا اور ساتھ ہی امدادی کارروائیوں میں فنی تعاون کی پیشکش بھی کردی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چین کے دو روزہ سرکاری دورے کے دوران چینی وزیر دفاع سے بھی ملاقات کی۔

چینی وزیر دفاع نے کہا کہ بیجنگ پاکستان اور فوج کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے اُن کا کہنا تھا کہ سی پیک کی ترقی کا مقصد دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچانا ہے۔انہوں نے اس منصوبے کو دونوں ممالک کے عوام کی خوشحالی کا منصوبہ قرار دیا۔

چینی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاک چین فوجی تعاون دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کا ایک اہم ستون ہے۔چینی وزیر دفاع نے سی پیک منصوبے کیلئے سیکیورٹی اقدامات پر پاکستان کے آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا اور خطے میں امن و استحکام کیلئے آرمی چیف کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ سی پیک منصوبے بر وقت مکمل ہوں گے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چینی وزیر دفاع نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کیلئے امدادی کارروائیوں میں فنی مدد کے لئے بھی اپنے ملک کی آمادگی کا اعلان کیا۔

قمر جاوید باجوہ نے بھی سیلاب متاثرین کی مدد جاری رکھنے پر چینی وزیر دفاع کا شکریہ ادا کیا۔ چین نے ہنگامی بنیادوں پر سیلاب متاثرین کے لیے سو ملین یوآن دینے کا اعلان کردیا جب کہ پیپلز لبریشن آرمی کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے سو ملین یوآن دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

چین نے مجموعی طور پر پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے پانچ سو ملین یوآن کی مدد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے جو پاکستانی کرنسی میں پندرہ اعشاریہ آٹھ ارب روپے بنتی ہے۔

ٹیگس