پاکستانی اسٹیبلشمنٹ پر عمران خان کی کڑی نکتہ چینی
پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان نے اسٹیبلشمنٹ پر سخت ترین حملے کئے ہیں ۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے ایڈورڈ کالج پیشاور میں ایک جلسے سے خطاب میں کہا کہ اگر نیوٹرل سوشل میڈیا کے لوگوں کی پکڑ دھکڑ اور میڈیا کو بند کرنے کا کام کرے گا تو ملک کے مفادات کی حفاظت کون کرے گا۔
انھوں نے کہا کہ اگر گھر لوٹا جارہا ہو تو کیا چوکیدار یہ کہہ سکتا ہے کہ وہ غیر جانبدار ہے۔ عمران خان نے بالواسطہ طور پر فوج اور اسٹیلشمنٹ کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو لوٹا جارہا ہے ، ملک کو تباہ کیا جارہا ہے اور وہ وہاں سے کہتے ہیں کہ ہم تو نیوٹرل ہیں ۔
سابق وزیر اعظم نے اسٹیبلشمنٹ کے غیر سیاسی ہونے کے استدلال کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جب کوئی یہ کہے کہ وہ غیر سیاسی ہے تو سمجھ لو کہ اس میں اور جانور میں کوئی فرق نہیں ہے۔ عمران خان نے دعوی کیا کہ ملک میں ڈاکوؤں کو بقول ان کے، این آر او دیا جارہا ہے ، نظام انصاف انہیں پکڑ نہیں سکتا اور ملک کے محافظ جو اپنے آپ کو طاقتور بناکر بیٹھے ہیں خود کو نیوٹرل کہہ ر ہے ہیں ۔