Oct ۱۳, ۲۰۲۲ ۱۴:۰۶ Asia/Tehran
  • ہندوستان  کے ساتھ با معنی مذاکرات کے لئے پاکستان کی آمادگی کا اعلان

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے ہندوستان کے ساتھ بامعنی بات چیت کے لئے آمادگی کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے آستانہ میں سیکا سربراہی اجلاس سے خطاب میں کہا کہ  وہ اپنے ہندوستانی ہم منصب کے ساتھ سنجیدہ اور بامعنی بات چـیت کے لئے تیار ہیں ۔ شہباز شریف نے ہندوستانی حکام سے مطالبہ کیا کہ اس تعلق سے خلوص نیت کا مظاہرہ کریں اور یہ ظاہر کریں کہ وہ ان مسائل پر بات چیت کے لئے تیار ہیں جو پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کئی عشرے سے دوری بنائے ہوئے ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو ایک دوسرے سے دور رکھنے والے مسائل نے ان کی باہمی تجارت اور دوطرفہ سرمایہ کاری کے فروغ میں بھی رکاوٹیں ڈالی ہیں ۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان،  ہندوستان سمیت اپنے سبھی پڑوسی ملکوں سے پر امن تعلقات کا خواہاں ہے۔

پاکستان کے وزیر اعظم نے اسی کے ساتھ ہندوستان پر کشمیر کے تعلق سے اقوام متحدہ کی قرار دادوں کو ستر سال سے نظرانداز کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ آج ہندوستان بقول ان کے اقلیتوں ، ہمسایہ ممالک ، خطے اور خود اپنے لئے خطرہ بن چکا ہے اس کے باوجود ہم بات چیت کے لئے تیار ہیں کیونکہ ہم خطے میں مزید غربت اور بے روزگاری کو نہیں دیکھ سکتے۔

ٹیگس